• news

بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کیلئے درخواست گزار کو وزارت کامرس سے رجوع کرنے کی ہدایت

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کے لئے دائر درخواست پر درخواست گزار کو وزارت کامرس سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ مقامی پروڈیوسرز اور ڈسٹری بیوٹرز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بھارتی فلمیں نوجوان میں بے راہ روی کا باعث بن رہی ہیں اور ان کی نمائش موشن پکچرز آرڈیننس 1979 کی خلاف ورزی ہے۔ ملکی سینماؤں میں غیر قانونی طور پر بھارتی فلمیں دکھائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ملکی قوانین کی خلاف ورزی پر پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی لگائی جائے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ امپورٹ پالیسی کے تحت فلموں کی نمائش پر پابندی کا جائزہ لینا وزارت کامرس کا اختیار ہے۔ جس پر عدالت نے درخواست گزار کو وزارت کامرس سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

ای پیپر-دی نیشن