• news

اورکزئی ایجنسی میں متاثرین کی واپسی آج سے شروع ہو گی

پشاور (بیورو رپورٹ)گورنر خیبر پی کے انجینئر اقبال ظفر جھگڑا کی خصوصی ہدایت پر اورکزئی ایجنسی میں ٹی ڈی پیز کی واپسی کا عمل آج بروز جمعرات سے شروع ہو رہا ہے جبکہ کرم ایجنسی اور شمالی وزیرستان ایجنسی میں متاثرین کی واپسی کا عمل بدھ کے روز سے شروع کردیا گیا ہے۔ گورنر خیبر پی کے فاٹا کے متاثرین کے واپسی کے عمل کی خود نگرانی کررہے ہیں۔ اس مرحلے میں کرم ، شمالی وزیرستان اور اورکزئی ایجنسی میں مجموعی طور پر 49 ہزار 5سو 53 متاثرہ خاندانوں کی واپسی کا عمل جون کے آخر تک مکمل ہو جائیگا جس میں کرم ایجنسی میں 12 ہزار اور شمالی وزیرستان ایجنسی میں 22 ہزار متاثرہ خاندانوں کی واپسی عمل میں لائی جارہی ہے جبکہ اورکزئی ایجنسی میں 15ہزار 5سو 53 متاثرہ خاندان اپنے اپنے علاقوں کو واپس جائیں گے۔ واپس جانیوالے متاثرین کو امدادی رقوم کی مد میں 35 ہزارروپے فی خاندان پیکج دیا جا رہا ہے جس میں 10 ہزار روپے ٹرانسپورٹ کی مد میں جبکہ 6 مہینوں کا راشن بھی فراہم کیاجارہاہے گورنرنے متعلقہ حکام کوہدایت کی ہے کہ واپس جانیوالے متاثرین کو تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت ان کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ گورنر نے کہاکہ قبائلی عوام کی اپنے گھروں میں باعزت واپسی اور بحالی اولین ترجیح ہے۔

ای پیپر-دی نیشن