• news

بھارت اب بھی بڑا غریب ملک ہے: گورنر ریزرو بنک، 33 کروڑ افراد قحط کا شکار

پونا (نیوز ڈیسک+ آن لائن) بھارتی مرکزی بنک ’’ریزرو بنکآف انڈیا‘‘ کے گورنر رگھورام رنجن نے ’’میرا بھارت مہان‘‘ کے نعرے کی قلعی کھول دی۔ پونا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اب بھی دنیا کا ایک بڑا اور غریب ترین ملک ہے۔ شرح آمدن اور شرح نمو کے حوالے سے چین کی معیشت ہم سے 5 گنا بڑی ہے۔ اسکے شہریوں کی اوسط آمدن بھارتی باشندوں سے 4گنا زیادہ ہے۔ حالانکہ 1960ء تک دونوں ممالک کی اقتصادی حالت یکساں تھی۔ دوسری جانب بھارتی اعداد و شمار کے مطابق ملک کی 33 کروڑ سے زائد آبادی قحط سالی کا شکار ہے۔ بھارتی حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک کی ایک تہائی سے زیادہ آبادی کو پینے کے صاف پانی اور کھانے پینے کی اشیا بھی میسر نہیں۔ 678 اضلاع میں سے 254 قحط سالی کی لپیٹ میں ہیں جس میں سب سے زیادہ متاثر ریاست اتر پردیش ہے جہاں بارشیں نہ ہونے کے باعث 50 اضلاع کے 9 کروڑ 88 لاکھ افراد قحط سالی کا شکار ہیں۔ واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ میں ایک این جی او کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی کہ 12 ریاستیں جن میں اترپردیش، کرناٹکا، مدھیہ پردیش، تلنگانہ، مہاراشٹرا، گجرات، اڑیسہ، جھاڑکھنڈ، ہریانہ، بہار اور چھتیس گڑھ شامل ہیں، قحط سالی کی صورتحال کے باوجود حفاظتی اقدامات نہیں اٹھا رہیں۔

ای پیپر-دی نیشن