شاعر مشرق علامہ اقبال کا یوم وفات عقیدت و احترام سے منایا گیا
لاہور (خصوصی رپورٹر) شاعر مشرق، مفکر پاکستان حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 78واں یوم وفات گذشتہ روز لاہور سمیت ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ سماجی و سیاسی تنظیموں کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں جن میں علامہ اقبال کی فکر اور شاعری کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور علامہ اقبال کی سوچ پر عمل موجودہ حالات کا حل قرار دیا گیا۔ شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر علی الصبح گارڈ کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی جبکہ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور پاک فوج کے اعلیٰ افسران سمیت سماجی تنظیموں نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے۔ این این آئی کے مطابق سکیورٹی وجوہات کے باعث اکثر تقریبات منسوخ ہو گئیں جبکہ مزار اقبال سمیت بادشاہی مسجد اور شاہی قلعے کو دو دن کیلئے بند کر دیا گیا۔