• news

سب پہلے خودکو احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں حکمران بھی اپنا محاسبہ کریں :سراج الحق

اسلام آباد + لاہور (نوائے وقت نیوز + سپیشل رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں + نیشن رپورٹ) سیاسی رہنمائوں نے کرپشن میں ملوث فوجی افسروں کیخلاف آرمی چیف کی کارروائی کو سراہا ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے فوج کے کرپٹ عناصر کا احتساب کر کے مثال قائم کر دی ہے ۔آرمی چیف کی طرف سے کرپٹ افسران کو سزا دینے کے اقدام کو پوری قوم نے سراہا ہے۔ حکمرانوں کو بھی اس کی پیروی کرتے ہوئے اپنا محاسبہ کرنا چاہیے۔ قوم چیف جسٹس کی سربراہی میں بننے والے کمشن ہی کو قبول کرے گی۔ پارلیمانی کمشن کی باتیں محض ڈنگ ٹپائو پالیسی ہے کیونکہ کسی پارلیمانی کمیشن کو بین الاقوامی اداروں تک رسائی نہیں ملے گی۔ وزیر اعظم کو من پسند کمیشن کے پیچھے چھپنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ مٹی پائو اور رات گئی بات گئی والا معاملہ اب نہیں چلے گا۔ پانامہ لیکس کے بعد توقع تھی کہ حکمران خود کو احتساب کیلئے پیش کریں گے۔ مگر حکمران اپنے بچائو کیلئے ہاتھ پائوں مارنے لگے۔ آرمی چیف نے خود اپنے ادارے سے احتساب کے عمل کا آغاز کرکے اعلیٰ ترین مثال قائم کی ہے۔ اب سیاستدانوں اور موجودہ و سابقہ حکمرانوں کو بھی اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کرنا چاہئے۔ سیاسی جماعتیں اپنے اندر سے کرپٹ اور بدیانت لوگوں کا صفایا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے جماعت اسلامی خود کو احتساب کیلئے پیش کرتی ہے۔ اب پاکستان کو کرپشن فری ملک بننے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد نے کہا کہ اس اقدام سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر یکدم بہت پریشر آ گیا ہے۔ حکومتی وزراء کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں جو احتساب کا عمل پاک فوج نے شروع کیا اسے سیاستدانوں، عدلیہ کے ججز، بیورو کریسی اور صحافیوں تک پھیلایا جائے۔ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے اچھی روایت ڈالی ہے ملک کی ترقی کیلئے کرپشن کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ دہشتگردی کی طرح کرپشن نے بھی پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ فوجی افسروں کا احتساب آرمی چیف کا جرات مندانہ اقدام ہے۔ احتساب کا دائرہ ہر اداے تک پھیلایا جائے۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل(ر) پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کرپٹ افسروں کو برطرف کر کے ملک سے کرپشن کے خاتمے کی بسم اللہ کردی ہے، ملک سے کرپشن کے خاتمے کا آغاز اپنے گھر سے کر کے آرمی چیف نے اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ کرپٹ عناصر فوج کے خلاف پراپیگنڈا کریں گے مگر قوم پاک افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ حکمران بھی کرپشن کے خاتمے کا آغاز اپنے گھر سے کریں۔ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ آرمی چیف کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ملکی ادارے کرپشن کے باعث تباہی کا شکار ہیں۔ اعلی عہدوں پر بیٹھے تمام افراد کیخلاف کارروائی کی جائے۔ احتساب کا آغاز بلوچستان سے کیا جائے۔ پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ آرمی چیف کے ایکشن سے پاک فوج کا مورال بلند ہوا۔ پاکستان کیلئے آنے والا وقت اچھا ہو گا۔ سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف سمیت کوئی بھی جنرل احتساب کر سکتا اور نہ ہی ملک میں کوئی مارشل لاء نافذ کر سکتا ہے۔ احتساب سب کا ہونا چاہئے لیکن سیاستدانوں اور منتخب ارکان کو آئین پر عمل کرنا ہو گا، جنوبی پنجاب سمیت جتنے زیادہ صوبے بنیں گے اتنے مسائل جلد حل ہوں گے۔ جنرل (ر) طلعت مسعود نے کہا یہ ایک غیر معمولی پیش رفت ہے، فوج نے کرپٹ افسروں کو سزا دینے کے حوالے سے لیڈ لیتے ہوئے شاندار مثال قائم کی ہے۔ اس کے مستقبل پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ اب کرپٹ افراد کو پریشان ہو جانا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن