ہر صوبے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیاجائیگا سندھ پولیس کی بھر پور مدد کرینگے :آرمی چیف
کراچی (آن لائن+ این این آئی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ہر صوبے سے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائیگا۔ پاک فوج پولیس کی بھر پور مدد کرے گی۔ جمعرات کے روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو ٹیلی فون کیا اور گزشتہ روز پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ پولیس اہلکاروں پر حملہ کی مذمت کی۔ آرمی چیف نے پولیو ورکرز کی حفاظت کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آرمی چیف نے دہشت گردوں کے خلاف سندھ پولیس کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاک فوج سندھ پولیس کی بھرپور مدد کرے گی۔ فوج پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے ہر صوبے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائیگا۔ آرمی چیف نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ دریں اثناء آرمی چیف راحیل شریف سے اٹلی کے وزیر خارجہ پاولو جینٹلونی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں خطے کی سکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اطالوی وزیر خارجہ نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو سراہا۔