• news

نیوکلیئر پاور بیلسٹک تجربہ سے پیشگی آگاہ نہ کرنا تشویش بھارت جب چاہے مذاکرات کیلئے تیارہیں:پاکستان

اسلام آباد (این این آئی+ نیٹ نیوز) پاکستان نے بھارت کی جانب سے ایٹمی آبدوز سے پہلے نیوکلیئر پاورڈ بیلسٹک میزائل تجربے سے پیشگی آگاہ نہ کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے یہ میزائل تجربہ اہم قدم ہے اس کا خطے کے نازک دفاعی توازن پر اثر پڑے گا۔ عالمی برادری کو اس پر تشویش ہونی چاہئے۔ بھارت جب بھی چاہے مذاکرات کیلئے تیار ہیں، بھارتی جاسوس سے تفتیش کے بعد مزید گرفتاریاں کی گئی ہیں، افغانستان میں دہشتگردی کا حملہ قابل مذمت ہے۔ صحافیوں کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہاکہ افغانستان میں دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ افغانستان میں امن کے حوالے سے 4 فریقی امن عمل جاری ہے سب افغانستان میں استحکام چاہتے ہیں۔ وزیراعظم کی دعوت پر افغان چیف ایگزیکٹو نے 2 اور 3 مئی کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا جو اب ملتوی کر دیا گیا ہے۔ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔ بھارت کی جانب سے ایٹمی آبدوز سے چلنے والے اس بیلسٹک میزائل کے تجربہ سے بحر ہند میں ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی سربراہ اجلاس کشمیر سے متعلق انتہائی اہم تھا۔ تمام ممالک نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ’را‘ کے ایجنٹ کل بھوشن یادیو سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔ تفتیش کے بعد مزید گرفتاریاں کی جائیں گی۔ کل بھوشن کا معاملہ متعلقہ ادارے دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان بارہا پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری میں ملوث غیر ملکی ہاتھوں کی جانب توجہ دلاتا رہتا ہے۔ تمام ممالک کو اپنے ایٹمی پروگرام کی سکیورٹی اور تحفظ سنجیدہ طور پر لینا چاہئے۔ دفتر خارجہ کے خلاف بے بنیاد مہم کو فوری طور پر بند کیا جانا چاہئے۔ پٹھانکوٹ دہشت گردی کے حوالے سے ہمارا موقف اصولی ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے کالعدم تنظیموں کی فہرست مرتب کرنا طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ہے اس عمل پر سیاسی اثر ورسوخ ڈالنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں۔ بھارت پٹھان کوٹ حملے کو سیاسی ر نگ دے رہا ہے جو افسوسناک ہے۔ پاکستان تمام دیرینہ مسائل کے حل کے لئے بھارت سے مذاکرات کے لئے تیار ہے۔ پاکستان میں بدامنی میں بیرونی مداخلت سے متعلق سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پاکستان متعدد ممالک کو مطلع کر چکا ہے۔ وہ غیر ملکی جاسوس کی ملک میں موجودگی کا مسئلہ ہر فورم پر اٹھائے گا۔ ترجمان نے افغانستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور کہا کہ افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کا دورہ پاکستان ملتوی ہو گیا ہے۔ یہ فیصلہ مشترکہ طور پر کیا گیا ہے۔ ان کے دورہ پاکستان کے لئے نئی تاریخ طے کرنے کے لئے سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ اس سے قبل افغانستان نے تصدیق کی تھی کہ وزیراعظم کی درخواست پر افغان رہنما 2 مئی سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن