جنرل راحیل شریف نے اعلی مثال قائم کی حکومت عالمی سطح پر فوج کو بد نام کر رہی ہے:عمران
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا آرمی چیف نے بلاامتیاز احتساب کی اعلی مثال قائم کر دی ہے۔ آرمی چیف کے ایکشن سے فوج کی مقبولیت بڑھی ہے اور ان کے اس اقدام کو عوام کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ نواز شریف نے نریندر مودی سے ذاتی تعلقات قائم کئے اور بھارت کیخلاف ایک بیان نہیں دیا۔ نواز شریف فوج کو بدنام کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ بھارت سے کہہ رہے تھے کہ ہم تو آپ کے دوست ہیں۔ حکومت عالمی سطح پر فوج کو بدنام کر رہی ہے۔ حکومت را کے ایجنٹ کی گرفتاری پر خاموش کیوں ہے۔ ماضی میں نواز شریف نے بھارت سے کہا تھا کہ ہم تو آپ سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں لیکن فوج رکاوٹ بنی ہوئی ہے، جہانگیر ترین نے کہا کہ آرمی چیف نے گھر سے احتساب کا عمل شروع کیا۔ آرمی چیف نے اپنے بیان کے دوسرے ہی دن ایکشن لیا۔ پانامہ لیکس میں وزیراعظم کے خاندان کا نام آیا ہے۔ وزیراعظم قوم کو بتائیں پیسے کہاں سے آئے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے فوج نے بڑا قدم اٹھایا اب حکومت بھی سچ بول دے۔ اگر ہمیں آگے بڑھنا ہے تو کرپٹ مافیا کے خلاف کام کرنا ہوگا، ہمارے پاس نیب ہے، پورا میکانزم موجود ہے مگر سیاسی صلاحیت نہیں ہے لیکن آرمی چیف نے جو فیصلہ کیا ہے وہ ایک تاریخی قدم ہے۔ تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا کہ یہ ایک بہت ہی اچھا قدم ہے اور ہم نے پہلے ہی خیبر پی کے میں کرپشن کے خلاف کارروائی کا آغاز کر رکھا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ آرمی چیف کے حالیہ دبنگ اقدامات سے ملک میں جمہوریت کوکوئی خطرہ نہیں ہے اور اگر کوئی خطرہ ہے تو ملک میں موجود ڈاکوئوں، چوروںکو ہے جو جمہوریت کا لبادہ اڑھ کر لوٹ مارکر رہے ہیں۔ ملک ا ورصوبہ میں جمہوریت ہے اور چلتی رہے گی آرمی چیف کے اقدامات کو ملکی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔ خیبر بینک میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی ہے بلکہ بینک کے ایم ڈی نے اپنے آپ کو احتساب سے بچانے کیلئے یہ ڈرامہ رچایا ہے اس ضمن میں تحقیقات جاری ہے۔ رپورٹ کرنے پرکارروائی ضرور ہوگی کیونکہ غلط بیانی کے مرتکب شخص کو سزا دینا ناگزیر ہوچکا ہے۔ جماعت اسلامی ہماری اتحادی جماعت ہے جونہ صرف اس وقت بلکہ آئندہ عام انتخابات میں بھی ہماری اتحادی جماعت ہوگی۔ چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ کرپشن کیخلاف ایکشن کیلئے سارا پاکستان ایک پیج پر ہے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کرپشن کرنیوالوں کو برطرف کرنا جرات مندانہ اقدام ہے، کرپٹ حکمرانوں کا اتحاد ایک دوسرے کو بچانے کیلئے ہے، مگر انکو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔