سزا یافتہ افسر آرمی ایکٹ کے تحت پنشن اور طبی سہولیات کے حق دار رہیں گے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سزا پانے والے افسران کیوں بدستور پنشن اور طبی سہولیات کے حق دار رہیں گے؟ فوجی قوانین کے ماہر لیفٹیننٹ کرنل انعام الرحیم نے نوائے وقت کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ یہ افسران ملازمت سے برطرف نہیں ہوئے بلکہ انہیں ملازمت سے جبری ریٹائرڈ کیا گیا ہے۔ آرمی ایکٹ کے تحت کئے گئے اس فیصلے کی بدولت یہ افسران پنشن اور طبی سہولیات کے حقدار رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے اس فیصلے کی فوج کی پوری تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ اس فیصلہ کی بدولت بلوچستان میں ایف سی سے متاثرہ افراد کی بھی ایک لحاظ سے داد رسی ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سدرن کمانڈ کے نئے سربراہ لیفٹننت جنرل عامر ریاض کی تقرری نہائت خوش آئند ہے کیونکہ وہ بلوچ معاشرہ کے تمام طبقات سے براہ راست رابطے قائم کر رہے ہیں حال ہی میں انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی کے طلبہ سے ملاقات کی اور ان سے خطاب کیا۔ یہ روابط، بلوچستان کے پاکستان سے تعلق کو مزید مستحکم بنائیں گے۔