نوازشریف ایک ارب 96 کروڑ ,عمران ایک ارب 18 کروڑخورشید شاہ 4 کروڑ 46 لاکھ کے اثاثوں کے مالک جمشید دستی غریب ترین رکن اسمبلی
اسلام آباد (آئی این پی + آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن آف پاکستان نے ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ وزیراعظم نواز شریف کے اثاثوں کی مالیت ایک ارب 96کروڑ، اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ 4کروڑ 46 لاکھ، عمران خان ایک ارب 18کروڑ، مولانا فضل الرحمان کے پاس 68 لاکھ، حمزہ شہباز شریف 34کروڑ، ڈاکٹر فاروق ستار کے پاس 8لاکھ، خواجہ سعد رفیق9کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ سال 15-2014 کے اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں، مری کے اپر مال پر جائیداد کی قیمت 25 کروڑ روپے ہے، انہیں تحفے اور وراثت میں ایک ارب 7 کروڑ روپے کی زرعی اراضی ملی، اس کے علاوہ وزیر اعظم کو حسین نواز نے 21 کروڑ 56 لاکھ بیرون ملک سے بھجوائے، نواز شریف کی لاہور میں مال روڈ پر 135نمبر عمارت کی قیمت 25کروڑ روپے ہے جبکہ نواز شریف اور ان کی اہلیہ کے پاس کوئی ذاتی گاڑی نہیں۔ نواز شریف لاہور اور شیخوپورہ میں 219 ایکڑ زرعی زمین کے بھی مالک ہیں۔ نواز شریف کی شیخوپورہ میں زرعی اراضی 1کروڑ 78لاکھ روپے سے زیادہ کی ہے۔ بیگم کلثوم نواز کے مال روڈ مری میں 3 بنگلے ہیں جن کی مالیت 10کروڑ روپے ہے، وزیراعظم کی اہلیہ کلثوم نواز کی ہال روڈ پر جائیداد کی مالیت 10 کروڑ روپے ہے،کلثوم نواز کا ایبٹ آباد چھانگلہ گلی میں بنگلہ 8 کروڑ 3 لاکھ سے زائد مالیت کا ہے۔ کلثوم نواز 10 ہزار روپے مالیت کی عباس اینڈ کمپنی کی بھی مالک ہیں۔کلثوم نواز کی بیرون ملک کوئی جائیداد یا اثاثے موجود نہیں ہیں۔ عمران خان کے بنی گالا کے گھرکی مالیت 75 کروڑ روپے ہے جو انہیں تحفے میں ملا، عمران کا پاکستان کے باہر کوئی کاروبار نہیں، ان کی بیرون ملک کوئی جائیداد بھی نہیں۔ عمران خان کی بھکر میں چھ مختلف زرعی اراضی ہیں۔جو 141کنال، 8 ایکڑ، 59کنال، 60کینال، 170کنال اور 243کنال کی ہیں۔ عمران خان کا میانوالی کے آبائی گھر میں حصہ اور شیخوپورہ میں 80کنال وراثتی زمین ہے۔ عمران کا اسلام آباد میں دو بیڈ کا ایک فلیٹ ہے۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے پاس 68 لاکھ روپے سے زائد کے اثاثے ہیں تاہم ان کے پاس ذاتی گاڑی نہیں۔ کیپٹن صفدر کے اثاثوں کی مالیت 1کروڑ روپے سے زائد ہے۔ فاروق ستار کے پاس کراچی میں ایک گھر اور ایک گاڑی ہے جبکہ ان کے اثاثوں کی مالیت 8 لاکھ روپے ہے۔ الیکشن کمشن کی جانب سے جاری کئے گئے ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کے گوشوارے 30جون 2015 تک کے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے 22مارچ 2016کو اثاثوں کے گوشواروں کی تفصیلات جاری کیں۔ گوشواروں کو کتابی شکل میں شائع کیا گیا ہے۔ جمشید دستی 2653 روپے کے اثاثوں کے ساتھ غریب ترین رکن پارلیمنٹ ہیں جبکہ سپیکر ایاز صادق کے اثاثوں کا صفحہ ہی غائب ہے۔ ریحام خان کے بینک اکائونٹس میں بھی 52 لاکھ روپے موجود ہیں۔آن لائن کے مطابق عمران کے اثاثوں کی مالیت ایک ارب 31 کروڑ ہے۔ بنی گالہ والے گھر کی کل مالیت 75 کروڑ روپے ہے۔ زمان پارک لاہور میں گھر کی مالیت 22 کروڑ روپے، 50 لاکھ روپے کی پراڈو گاڑی جبکہ شاہراہ دستور پر ایک لگژری فلیٹ بھی ہے۔ کپتان کے پاس 3 لاکھ کی دو گائیں اور ایک بھینس بھی ہے۔ ریحام خان کے بینک اکاؤنٹس میں بھی 52 لاکھ روپے موجود ہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد 2 کروڑ 44 لاکھ 18 ہزار 5 سو روپے کے مالک ہیں۔ شیخ رشید احمد کی کل اثاثوں کی مجموعی طور پر مالیت 2 کروڑ 18 ہزار 5 سو روپے ہیں شیخ رشید احمد گلبرگ کمپنی میں ڈھائی لاکھ روپے کا حصہ دار ہیں ان کے چار مختلف اکائونٹس ہیں مجموعی طور پر 4 لاکھ 45 ہزار روپے ہیں 6 لاکھ 30 ہزار روپے مالیت کے اسلحہ رکھتے ہیں انشورنس پالیسی میں 5 لاکھ 7 ہزار 9 سو 75 روپے کے بھی مالک ہیں۔ راولپنڈی کے صرافہ بازار میں ایک مارکیٹ اور بحریہ ٹائون میں ایک گھر رکھنے کے علاوہ فتح جنگ میں کچھ اراضی بھی ہے۔ وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی 90 کروڑ مالیت کی ایئرلائن 30 کروڑ کے 2 گھروں 20 کروڑ کے ایک ہوٹل ، 10 ،10 لاکھ کی دو گاڑیوں کے مالک ہیں تاہم انکے پاس صرف ایک لاکھ کا فرنیچر ہے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری گوشواروں کے مطابق شاہد خاقان عباسی کا مری میں آبائی گھر 10 کروڑ اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون میں 20 کروڑ مالیت کا گھر اور مری میں 20 کروڑ روپے مالیت کا ہوٹل ہے ان کی نجی ایئرلائن ایئر بلیو دو کروڑ میں خریدی گئی تھی اب اس کی مالیت 90 کروڑ روپے ہے۔ شاہد خاقان عباسی 2010 ماڈل کی ہنڈا اور 2002 ماڈل کی ٹویوٹا لینڈ کروزر کے مالک بھی ہیں جن کی مالیت 10 ، 10 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے ان کے پاس 60 لاکھ کے زیورات اور ایک لاکھ کا گھریلو سامان ہے ان کے تین بنک اکائونٹس ہیں 35 لاکھ 15 ہزار اور نقد پانچ لاکھ روپے ہیں۔ وزیر داخلہ چودھری نثار نے سینکڑوں کنال زرعی اراضی اور گاڑی کی مالیت ظاہر نہیں کی۔ اثاثوں میں صرف نقدی بنک میں جمع رقم کی قیمتیں ظاہر کیں فیض آباد مری روڈ پر واقع گھر چکری میں فارم ہائوس، دھمیال روڈ راولپنڈی میں 9 فلیٹس ، سینکڑوں کنال زرعی اراضی، ڈی ایچ اے اسلام آباد میں تین پلاٹوں چکری میں پولٹری شیڈز کے مالک ہیں ان کے پاس 2005 ماڈل کی پجارو جبکہ بیگم کے پاس ٹویوٹا گاڑی اور زرعی اراضی کے علاوہ 15 لاکھ کے زیورات ہیں چودھری نثار کے پاس ایک کروڑ 47 لاکھ 78 ہزار 205 روپے نقد اور دو بنکوں میں 81 لاکھ کے قریب رقم موجود ہے جبکہ ان کی بیگم کے پاس 80 لاکھ اور بیٹی کے پاس اڑھائی لاکھ کے قریب رقم ہے ۔آن لائن کے مطابق حمزہ شہباز 34 کروڑ 26لاکھ 3 ہزار کے اثاثوں کے مالک مگر ان کے پاس نہ تو گھر ہے اور نہ ہی گاڑی ہے بیگم کے اثاثے 82 لاکھ روپے کے قریب ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان کے چار فارن کرنسی اکائونٹ ہیں۔ میانوالی کے دس مرلے کے آبائی گھر میں حصہ ہے۔ عمران کی ملکیت 50 لاکھ روپے کی گاڑی اور دس لاکھ کے زیورات ہیں۔