• news

پاکستان چین سے سی ایچ سیریز کے ڈرون طیارے خریدے گا

بیجنگ (آئی این پی) پاکستان چین سے ڈرون طیارے خریدے گا، چین کا تیار کردہ یہ فوجی ڈرون سی ایچ سیریز سے تعلق رکھتا ہے، پاکستان، مصر، سعودی عرب، نائیجریا اور متحدہ عرب امارات نے اپنی دفاعی ضروریات سے نمٹنے کیلئے یہ طیارہ خریدنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ چین کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین اپنی اور غیر ملکی خریداروں کی ضروریات پوری کرنے کے لئے 200ڈرون فراہم کرے گا۔ ڈرون طیاروں کی برآمد کا پہلا معاہدہ 2003ءمیں چین سے طے پایا تھا جسے 2004ءمیں مکمل کیا گیا جب ایک جنوبی ایشیائی ملک نے چین سے سی ایچ ۔1s ڈرون طیاروں کا سودا کیا، یہ ملک چینی سی ایچ سیریز کے ڈرونز کا مستقل خریدار بن گیا، اب وہ چین کے ساتھ سی ایچ ۔4s طیاروں کی خریداری کیلئے مذاکرات کررہا ہے۔ یہ ہتھیاروں کی عالمی مارکیٹ میں بہت مقبول طیارہ ہے، ڈرون فیملی کے اس طیارے کو چینی زبان میں ”کائی ہانگ“ کا نام دیا گیا ہے جس کا مطلب ہے چین کی ”قوس قزح۔“ ماہرین اس طیارے کو بے حد خطرناک قرار دیتے ہیں جو اس سیریز میں جنگی اہلیت کے لحاظ سے زبردست شمار کیا جاتا ہے چینی ساختہ سی ایچ ۔5 طیارہ فروخت کیلئے حکومت کی منظوری کا منتظر ہے۔ چین کی اکیڈمی آف ایرو سپیس ایرو ڈینا مکس کے چیف ڈرون ڈیزائنر نے چائنا ڈیلی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ طیاروں کی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں بتا سکتا۔ سی ایچ3- بڑا لیکن درمیانی سائز کا فوجی طیارہ ہے جبکہ سی ایچ 4- اعلیٰ کوالٹی اور جنگی ہتھیاروں سے لیس ڈرون ہے، خریداروں کیلئے طاقت ور اور مناسب قیمت رکھنے والا بغیر پائلٹ کے جنگی طیارہ ہے۔
ڈرون

ای پیپر-دی نیشن