لیہ : زہریلی مٹھائی کھانے سے پانچ بھائیوں سمیت آٹھ جاں بحق‘ چالیس افراد متاثر
ملتان‘ فتح پور (سٹاف رپورٹر‘ نامہ نگار) لیہ میں زہریلی مٹھائی کھانے سے 5 بھائیوں سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 40 افراد متاثر ہوئے۔ 8 کی حالت تشویشناک ہے۔ متاثرین میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ واقعہ لیہ کے علاقے فتح پور کے چک نمبر 105 میں پیش آیا۔ ای ڈی او ہیلتھ لیہ نے مٹھائی کے سیمپل تجزیے کیلئے لیبارٹری بھجوا دئیے جبکہ دکان سیل کر کے خالد محمود نامی شخص کو گرفتار کرا دیا ہے۔ تفصیل کے مطابق چک نمبر 105 ایم ایل لیہ کے رہائشی محمد سجاد کے ہاں پہلا بیٹا پیدا ہونے پر خوشی منائی جا رہی تھی۔ اس دوران محمد سجاد نے اہلخانہ اور ہمسایوں و عزیزوں کو مٹھائی کھلائی۔ مٹھائی کھانے پر متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی جبکہ متاثرین میں سے 3 افراد علاج نہ کرانے پر گھروں میں دم توڑ گئے جس کے بعد دیگر متاثرین کو ہسپتال لایا گیا۔ اس ضمن میں واقعہ کے 40 گھنٹے گزرنے کے بعد گزشتہ روز 27 مریضوں کو نشتر ہسپتال لایا گیا جن میں سے ایک مریض راستے میں جبکہ 5 نشتر ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ نشتر ہسپتال میں جاں بحق ہونے والوں میں 25 سالہ خضر حیات‘ 13 سالہ محمد شہباز‘ 22 سالہ محمد رمضان اور 22 سالہ محمد عرفان اور سکندر شامل ہیں جبکہ جو متاثرین نشتر ہسپتال میں لائے گئے ان میں 2 خواتین‘ 10 بچے اور 15 مرد مریض شامل ہیں۔ مزید براں مٹھائی والی دکان سیل کر کے مٹھائی فروخت کرنے والے کے بھائی خالد محمود کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو گیا ہے۔ علاوہ ازیں مٹھائی کے نمونے تجزیہ کیلئے پبلک انالسٹ لیبارٹری کو بھجوا دئیے گئے ہیں۔ لیہ میں زہریلی مٹھائی کھا کر جاں بحق ہونیوالوں کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ کے مطابق نشتر ہسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مٹھائی کے اندر چوہے مار گولیاں مکس ہونے سے مٹھائی زہریلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ مٹھائی کھا کر جاں بحق ہوئے ہیں ان سب میں جو علامات ظاہر ہوئی ہیں اس کے نتیجے میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ مٹھائی میں چوہے مار گولیاں مکس ہونے سے سانحہ پیش آیا۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے زہریلی مٹھائی کھانے سے 5 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور اس افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلی نے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلی نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
زہریلی مٹھائی / 8 جاں بحق