لاہور: سفاری پارک کیلئے سری لنکا سے بلامعاوضہ ہاتھی منگوانے کا معاملہ سرخ فیتے کا شکار
لاہور (چودھری اشرف) سری لنکن حکومت کی جانب سے لاہور زو سفاری پارک کے لیے بلا معاوضہ تحفے میں 2 ہاتھی دینے کی پیشکش روایتی سرخ فیتے کا شکار ہو گئی اور دو سال گذرنے کے باوجود اس سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا۔ بتایا گیا ہے کہ سری لنکن حکومت نے کروڑوں روپے مالیت کے دو ہاتھی لاہور زو سفاری پارک کو تحفہ میں دینے کا وعدہ کیا تھا۔ محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب نے وفاقی حکومت کو خط بھی لکھے وہ اسلام آباد میں سری لنکن ہائی کمشن کو پیشکش قبول کیے جانے کا خط لکھے۔ متعدد یاد دہانیاں کرائے جانے کے باوجود وفاقی حکومت نے سری لنکا کی حکومت کو خط نہیں لکھا۔ دلچسپ امر یہ ہے سری لنکن حکومت کے اعلان کے بعد لاہور زو سفاری پارک انتظامیہ نے محکمہ تحفظ جنگلی حیات کی کوشش سے لاکھوں روپے مالیت سے پارک میں جدید ہاتھی گھر کی تعمیر شروع کی اور تقریباً چھ ماہ کا عرصہ ہو گیا ہے لاہور زو سفاری پارک میں ہاتھی گھر مکمل ہو چکا ہے لیکن تاحال اس میں ہاتھی نام کی کوئی چیز نہیں۔ لاہور زو سفاری پارک جہاں روزانہ ہزاروں افراد سیر کے لیے آتے ہیں ہاتھی گھر کو خالی دیکھ کر مایوس لوٹ جاتے ہیں۔ پارک کی سیر کے لیے آنے والے افراد کی اکثریت نے انتظامیہ کو اس بارے میں شکایت کی ہے کہ وہ لاہور چڑیا گھر کو چھوڑ کر یہاں اپنے بچوں کو جانور اور پرندے دکھانے کے لیے اتنی دور لیکر آتے ہیں، یہاں چڑیا گھر والے جانور ہی نہیں رکھے گئے تو ہمارے یہاں آنے کا مقصد ضائع ہو جاتا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور زو سفاری ظفر احمد شاہ سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا 2 سال ہو گئے سری لنکن حکومت نے ہاتھی کا جوڑا دینے کا اعلان کیا تھا ہم نے متعدد بار وفاقی حکومت کو سری لنکا کی حکومت کو یاد دہانی کرانے کی درخواست کی لیکن تاحال اس حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔ ان کا کہنا تھا ہاتھی ایک مہنگا ترین جانور ہے جو حکومت کی سپورٹ کے بغیر خریدا نہیں جا سکتا۔ سری لنکن حکومت تحفہ میں ہاتھی دینا چاہتی ہے تو ہمیں اس پیشکش کا ضرور فائدہ اٹھانا چاہیے اور حکومت سری لنکن حکومت کو خط نہیں لکھنا چاہتی تو لاہور زو سفاری پارک کے لیے ہاتھی کا جوڑا خریدنے کے لیے مطلوبہ فنڈز جاری کرے۔
ہاتھی / سفاری پارک