لاہور کے تاجر رات8 بجے مارکیٹیں، بازار بند کرنےکی تجویز پر تقسیم
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور کی تاجر برادری بجلی کی بچت کے نام پر رات 8 بجے دکانیں، مارکیٹیں، بازار اور کاروباری مراکز بند کرنے کی حکومتی تجویز پر تقسیم ہو گئی ہیں جبکہ شہری حلقوں نے مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے حکومتی تجویز کا خیرمقدم کیا ہے اور حکومت پر زور دیا ہے کہ ملک میں لوڈشیڈنگ میں کمی کے لئے مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے سمیت بجلی کی بچت کے تمام اقدام پر عمل درآمد کیا جائے۔ گرمی کے موسم میں سورج صبح جلد نکل آتا ہے اس لئے دن کی روشنی کا فائدہ اتھاتے ہوئے مارکیٹیں صبح 8بجے کھلنی چاہئیے۔اس طرح بجلی کی اچھی خاصی بچت ہو گی اور ملک میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی ہو گی۔ دریں اثنا لاہور کی تاجر برادری بجلی کی بچت کے نام پر رات آٹھ بجے دکانیں، مارکیٹیں بند کرنے کی حکومتی تجویز پر تقسیم ہو گئی ہے آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے رات 8 بجے مارکیٹیں بند کرنے کی تجویز کی حمایت کی ہے اور کہا ہے اگر ملک بھر میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کی جاتی ہیں تو انکی تنطیم اسکے لئے تعاون کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مارکیٹیں رات 8بجے بند کی جاتی ہیں تو دن کو مارکیٹوں میں لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہئے۔ دوسری جانب انجمن تاجران لاہور (خالد پرویزگروپ) کے صدر مجاہد مقصود بٹ، تاجر رہنما ایوب بٹ، شاہد بلال، صابر ملک، شیخ فیاض، ٹیپو بھولا بٹ، مجاہد شکیل اوردیگر نے اعلان کیا ہے تاجر برادری کسی صورت رات آٹھ بجے اپنے کاروبار بند نہیں کرے گی اگر حکومت نے زبر دستی کرنے کی کو شش کی تو لاہور بھر کی مارکیٹوں میں تالہ بندی کر تے ہوئے سڑکوں پر نکل آئیں گے۔ انہوں نے رات آٹھ بجے دکانیں بند کرنے کے حکو متی فیصلے کو تاجروں کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ موسم گر ما میں 90 فیصد صارفین شام ڈھلنے کے بعد خریداری کی غرض سے مارکیٹوں کا رخ کر تے ہیں۔ حکومتی ناقص پالیسیوں کی بدولت پہلے ہی لوڈشیڈنگ نے تاجروں کے کاروبار پر منفی اثرات مر تب کر رکھے ہیں ۔حکو مت تاجروں کے مسائل کو سمجھتے ہوئے ایسا حل نکالے جس سے تاجروں کے کاروبار متاثر نہ ہوں۔
تاجرتقسیم