آئی ایم ایف کا توسیعی فنڈ سہولت پروگرام جون میں مکمل ہو جائیگا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان کے لئے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا توسیعی فنڈ سہولت پروگرام رواں سال جون میں مکمل ہو جائے گا۔ پاکستان میں کسی جمہوری حکومت کے دور میں پہلی مرتبہ یہ پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگا۔ یہ بات وفاقی سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ، ریونیو، اقتصادی امور، نجکاری و شماریات کے اجلاس میں بتائی۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو چیئرمین سلیم ایچ مانڈوی والا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ سیکرٹری خزانہ نے کمیٹی کو آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پروگرام کے تحت 10 معاشی جائزے مکمل ہو چکے ہیں۔ 11 واں معاشی جائزہ مئی 2016ءمیں جبکہ 12 واں اور آخری معاشی جائزہ جون 2016ءمیں مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 6.64 ارب ڈالر کے تین سالہ پروگرام کے لئے جون 2013ءمیں مذاکرات کا آغاز ہوا اور پروگرام کے تحت قرضے کی ادائیگی ستمبر 2013ءمیں شروع ہوئی۔ سیکرٹری خزانہ نے کمیٹی کو بتایا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت اب تک 5.76 ارب ڈالر پاکستان کو جاری کئے جا چکے ہیں جن میں سے 4.4 ارب ڈالر کی رقم آئی ایم ایف سے لئے گئے سابقہ قرضوں کی مد میں واپس کر دی گئی ہے جو مجموعی رقم کا تقریباً دو تہائی حصہ ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ حکومت نے مجموعی مقامی قرضوں، غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور تجارتی خسارہ سمیت تمام ڈھانچہ جاتی اہداف حاصل کئے ہیں۔
آئی ایم ایف