• news

بونیر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ‘ وزیراعلی پرویز خٹک کے معاون خصوصی سورن سنگھ قتل

پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) بونیر میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے معاون خصوصی سورن سنگھ کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، وزیراعلیٰ، گورنر، سراج الحق، آفتاب شیر پاﺅ، امیر حیدر ہوتی سمیت دیگر سیاسی قائدین نے رکن اسمبلی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پیر بابا پولیس کے مطابق رکن اسمبلی اور وزیراعلیٰ پرویزخٹک کے مشیر سورن سنگھ پیر بابا میں واقع اپنے گھرجارہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہلاک ہوگئے، پولیس کے مطابق سورن سنگھ کو ایک گولی سر پر لگی، واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا تاہم آخری اطلاعات آنے تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، سورن سنگھ خیبرپی کے اسمبلی کے سرگرم رکن اور اقلیتی امور کے محکمے میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی بھی تھے۔ ان کا تعلق ضلع بونیر سے تھا، وہ 2013ءکے عام انتخابات میں اقلیتوں کی مخصوص نشست پر تحریک انصاف سے ر کن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ سورن سنگھ کی صوبے کی اقلتیوں کے حقوق کی لئے بڑی خدمات تھیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف، وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف‘ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک، گورنر خیبر پی کے اقبال ظفر جھگڑا، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، قومی وطن پارٹی کے آفتاب شیر پاﺅ، اے این پی کے صوبائی صدر امیر حیدرخان ہوتی اور دیگر سیاسی قائدین نے سورن سنگھ کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ سورن سنگھ کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ وہ قانون کے شکنجے سے بچ نہیں سکیں گے۔ سورن سنگھ کے پسماندگان کو پورا پورا انصاف فراہم کیا جائے گا۔
سورن سنگھ

ای پیپر-دی نیشن