افغانستان: سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں‘ 141 عسکریت پسند‘ 10 اہلکار ہلاک
کابل (این این آئی) افغان فورسز نے ملک بھر میں عسکریت پسندوں کے خلاف مختلف مقامات میں کارروائی کے دوران 141 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ٗجھڑپوں میں 10 افغان سکیورٹی اہلکار بھی مارے گئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق افغان وزارت دفاع نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزنی، ہرات اور نگرہار کے صوبوں میں سکیورٹی فورسز نے متعدد آپریشنز کئے۔ مذکورہ رپورٹ میں وزارت دفاع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں افغان سکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں 141 عسکریت پسند ہلاک اور 23 زخمی ہوئے ۔وزارت دفاع نے مذکورہ کارروائیوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنوب مشرقی صوبے غزنی کے ضلع اندار میں ہونے والے آپریشن میں 19 عسکریت پسند ہلاک اور 9 زخمی ہوئے ۔صوبہ ہرات کے ضلع چشت شریف میں افغان سکیورٹی فورس کی کارروائیوں میں ایک عسکریت پسند ہلاک اور 3 زخمی ہوئے۔ افغان وزارت دفاع کے جاری بیان میں کہا گیا کہ مشرقی صوبے نگرہار میں سکیورٹی فورسز نے آپریشنز کے دوران داعش سے تعلق رکھنے والے 21 دہشت گردوں کو ہلاک اور11 زخمی ہوئے۔ افغان میڈیا نے سکیورٹی حکام کے حوالے سے خبر دی کہ صوبہ غزنی کے ضلع اندار کی مسجد میں عسکریت پسند آئی ای ڈی بنانے میں مصروف تھے کہ وہ زور دار دھماکے سے پھٹ گئی، افغان طالبان مذکورہ آئی ای ڈی کو سکیورٹی فورسز کے خلاف حملوں میں استعمال کرتے ہیں۔ سکیورٹی حکام نے دعویٰ کیا کہ واقعے میں 10 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔