داعش پاکستان‘ بھارت کیلئے خطرہ ہے‘ اختلافات بھلا کر اس کا مقابلہ کریں: بان کی مون
نیو یارک (آن لائن) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے خبردار کیا ہے کہ داعش برصغیر میں بھی اپنا دائرہ وسیع کرنے کی کوشش میں ہے جبکہ بھارت اور پاکستان کو داعش سے خطرہ ضرور ہوسکتا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے درمیان دوستی خطے کے امن کیلئے انتہائی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے زیادہ خطرہ آئی ایس آئی ایس ہے جو دنیا کے امن کو تباہ کرنا چاہتی ہے جس کی وجہ سے خطرات بڑھ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ داعش خطے میں بھی اپنا اثر قائم کرنے کی کوشش کررہی ہے اور دیگر تنظیموں کا نام دیکر داعش برصغیر میں انٹری دے چکی ہے جس کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کو خطرہ ضرور ہوسکتاہے ۔بان کی مون کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت داعش کے اثر سے متاثر ہوسکتے ہیں لہذاد ونوں ممالک کو اس نازک وقت پر آپس میں اختلافات بھلا کر دہشتگردی کا مل کر اور مشترکہ بنیادوں پر مقابلہ کرنا ہوگا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے اس سلسلے میں کہا کہ بان کی مون داعش کی سرگرمیوں سے کافی حد تک فکر مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر تنظیموں کا لبادہ اوڑھ کر بھی داعش دونوں ممالک کیلئے خطرات پیدا کرسکتی ہے جس کو دیکھتے ہوئے دونوں ممالک کو ہر ممکن سطح پر آپسی اختلافات مشترکہ مذاکرات کے ذریعے ختم کرنا ہونگے تاکہ وہ داعش کا شکار نہ بنیں۔