• news

وزیر اعظم اگلے ہفتے خیبر پی کے سے رابطہ عوام مہم شروع کرینگے پہلا جلسہ مانسہرہ میں ہو گا

اسلام آباد+ رحیم یار خان (نمائندہ خصوصی+ بیورو رپورٹ) وزیراعظم محمد نوازشریف آئندہ ہفتہ رابطہ عوام مہم شروع کریں گے، وزیراعظم ملک کے مختلف شہروں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے اور اس کی ابتداء خیبر پی کے میں مانسہرہ سے کی جائیگی۔ ذرائع نے بتایا وزیراعظم کو مشورہ دیا گیا تھا وہ اپوزیشن خصوصی طور پر تحریک انصاف کی جانب سے مسلسل دبائو کے باعث اب خود عوام کے سامنے آئیں اور تحریک انصاف کے زیر حکمرانی صوبے سے اسکا آغاز کریں۔ وزیراعظم خیبر پی کے میں متعدد جلسوں کے بعد سندھ جائیں گے۔ عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔ حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی پر روشنی ڈالیں گے۔ ادھر وزیراعظم محمد نوازشریف نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے قومی سیاسی قیادت کے ساتھ انفرادی رابطوں کا آغاز کردیا ہے۔ گزشتہ روز ملی عوامی پارٹی کے قائد محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پانامہ لیکس پر تحقیقات کیلئے عدالتی کمشن کے قیام ، سیاسی صورتحال اور دیگر ایشوز پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع نے بتایا وزیراعظم نے پانامہ لیکس کے باعث ملک کے اندر پھیلائی جانے والی سیاسی حدت کے پس منظر سے آگاہ کیا۔ محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم کو مشورہ دیا اپوزیشن کے اطمینان کے مطابق جوڈیشل کمشن بنایا جائے اور صورتحال کا مقابلہ سیاسی انداز میں کیا جائے۔ وزیراعظم نے گزشتہ روز کابینہ ارکان اور مشیروں کیساتھ بھی مشاورت کی تھی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم سندھ کے بعد بلوچستان پر پنجاب میں جلسوں سے خطاب کریںگے۔ صباح نیوز کے مطابق وزیراعظم ہر ہفتے دو عوامی اجتماعات سے خطاب کرکے قوم کو حقائق سے آگاہ کریں گے۔ ماہرین کے خیال میں وزیراعظم نے چاروں صوبوں میں جلسوں کا فیصلہ پانامہ لیکس پر اپوزیشن کے دبائو کا سیاسی توڑ کرنے کیلئے کہا ہے۔ رحیم یار خان سے بیورو رپورٹ کے مطابق پانامہ لیکس کے باعث پیدا ہونے والے سیاسی حالات کے تناظر میں وزیراعظم نے ملک بھر میں رابطہ عوام مہم شروع کرنے کا فیصلہ ہے تاکہ رائے عامہ کو اپنے حق میں ہموار کیا جا سکے۔ اطلاعات کے مطابق مئی کے پہلے ہفتے میں وزیراعظم رحیم یار خان کا دورہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن