• news

حکمران چیف جسٹس کو ٹرمز آف ریفرنس کے جال میں الجھانا چاہتے ہیں: طاہر القادری

لاہور (نیوز نیٹ) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم چیف جسٹس آف پاکستان کو ٹرمز آف ریفرنس کے جال میں الجھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ایسے ٹی او آرز مرتب کئے جن کا آئندہ پانچ سال میں بھی کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا ۔ کمیشن مقررہ مدت کے اندر پانامہ لیکس کے انکشافات کی روشنی میں تحقیق کرے اور وزیراعظم استعفیٰ دیکر انکوائری میں شامل ہوں، دیگر معاشی جرائم کی تحقیقات نیب، ایف آئی اے اور ایف بی آر کریں۔ انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس کے انکشافات ثابت شدہ ہیں، موثر احتساب کے نظام کے فقدان کے باعث وزیر اعظم استعفیٰ دینے کی بجائے دھمکیاں دے رہے ہیں ۔ کور کمیٹی کے اجلاس میں دیگر ہم خیال سیاسی جماعتوں سے رابطوں کیلئے خرم نواز گنڈا پور کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی جن کے ممبران میں میجر (ر) سعید، خواجہ عامر فرید کوریجہ، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ اور بریگیڈئر (ر) مشتاق شامل ہیں۔ کور کمیٹی کے اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹائون پر مئی کے دوسرے ہفتے میں اے پی سی بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں چھوٹو گینگ کی گرفتاری پر افواج پاکستان کے موثر آپریشن کو سراہا گیا اور ناقص منصوبہ بندی کے باعث پولیس اہلکاروں کی شہادت پر وزیر قانون اور آئی جی کی بر طرفی کا مطالبہ کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن