• news

کمشن کے بعد احتجاج چورمچائے شور کے سوا کچھ نہیں:شہباز شریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے روٹ کا بغیر پروٹوکول اچانک دورہ کیا اور ٹھوکر نیاز بیگ سے ڈیرہ گجراں تک منصوبے کے روٹ پر تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ٹھوکر نیاز بیگ اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے قریب سائٹ دفاتر میں اجلاسوں کی صدارت بھی کی، جس میں وزیراعلیٰ کو منصوبے کے پیکیج ون اور پیکیج ٹو کے سول ورکس پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کا یہ دورہ 4 گھنٹے طویل تھا۔ وزیراعلیٰ نے میٹروٹرین کے منصوبے کے سول ورکس پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں کے اعلی حکام اور کنٹریکٹرز کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ نے مختلف مقامات پر گاڑی سے اتر کر نہ صرف خود تعمیراتی کاموں کی رفتار کا معائنہ کیا بلکہ مزدوروں، شہریوں اور دکانداروں سے گفتگو بھی کی اور ان کے ساتھ گھل مل گئے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے شہریوں، ورکرز اور دکانداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو ٹرین کا منصوبہ عام آدمی کو معیاری، باکفایت اور عالمی معیار کی تیز رفتار سفری سہولتیں فراہم کرے گا اور اس منصوبے کی تکمیل سے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں انقلاب برپا ہوگا۔ طلبا، مزدور، ملازمت پیشہ خواتین، کسان، ڈاکٹرز، نرسز اور عام شہری وقت پر منزل پر پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر قدم عوام کی بہتری کیلئے اٹھا رہے ہیں۔ میٹرو ٹرین چلے گی اور اس عظیم منصوبے کی تکمیل سے عام پاکستانی عزت، وقار اور فخر کے ساتھ میٹرو ٹرین پر سفر کرے گا۔ شہریوں کی عارضی تکلیف کا پورا احساس ہے جو جلد مستقل راحت میں بدل جائے گی اوریہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا منفرد منصوبہ ہے، جس کے تحت شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی جدید ترین سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔ میں خود منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کی نگرانی کررہا ہوں ۔ وزیر اعلیٰ نے مزدوروں کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ اسی جذبے اور محنت سے کام جاری رکھیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس عظیم منصوبے سے ٹرانسپورٹ کا کلچر یکسر بدل جائے گا اور عام آدمی باوقار انداز میں عزت کے ساتھ اپنی منزل مقصود تک پہنچنے گا۔ وزیراعلیٰ نے لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لینے سے متعلق سائٹ دفاتر میں اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہوئی ہے کہ تعمیراتی کام کو اعلی معیار کے ساتھ مکمل کیا جارہا ہے جس پر میں متعلقہ اداروں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوںنے کہا کہ منصوبے پر اسی محنت اورلگن کے ساتھ کام جاری رکھا جائے اور تعمیراتی کاموں کو مقررہ مدت پر مکمل کیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ منصوبے پر کام کے دوران شہریوں کیلئے پورے روٹ پر فول پروف انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیںاوررات کے وقت سرخ لائٹس کاخصوصی انتظام ہونا چاہیے تاکہ شہری بروقت آگاہ ہو سکیں۔ وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے قریب لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے سائٹ آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں منصوبے کے تعمیراتی کاموں پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور منصوبے پر کام کرنے والے اداروں کے افسران، اہلکاروں اور ٹھیکیداروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا اس قومی منصوبے پر جس محنت سے آپ کام کر رہے ہیں وہ لائق تحسین ہیں۔
لاہور (آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے وزیراعظم نوازشریف کے اعلان کے بعد احتجاج کا کوئی جواز نہیں، کمیشن کے بعد احتجاج چور مچائے شور کے سوا کچھ نہیں، ذاتی خواہشات کو قوم کی خواہشات پر ترجیح دیکر عظیم مقاصد کا خون کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے خط لکھ کر جو ٹرمز آف ریفرنس پیش کئے ہیں، یہ بہت بڑا فیصلہ ہے۔ تحریک انصاف کے 20 ویں یوم تاسیس پر عمران خان کے خطاب پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتجاجی سیاست والے ملکی معیشت پر اثر انداز ہو نا چاہتے ہیں اوردھرنا سیاست نے نہ پہلے کچھ دیا اور نہ ہی آئندہ کچھ دے گی۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، کرپشن میں ملوث لو گ آج جمہوریت کے علمبردار بنے ہوئے ہیں ، ،قوم کو انتظار تھاکہ اب دو دھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن