• news

افعانستان سے چیک پوسٹ پر شیلنگ میجر حوالدار زخمی 5 دہشت گرد مارے گئے

غلنئی (آن لائن+این این آئی) افغانستان سے مہمند ایجنسی میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر شیلنگ کی گئی مارٹر گولوں سے ایک میجر اور حولدار زخمی ہو گئے۔ سرحد پار سے مہمند ایجنسی میں بازائی تحصیل میں زیارت چیک پوسٹ کو صبح ساڑھے 4 بجے کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ مارٹر گولوں کے حملوں میں زخمی ہونے والوں میں میجر فرخ اور حوالدار عمران خان شامل ہیں، زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا گیا۔ این این آئی کے مطابق مہمند ایجنسی سوران درہ میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہو ا جس کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ کی ذمہ داری کالعدم ٹی ٹی پی جماعت الاحرار نے قبول کر لی ہے ۔ علاوہ ازیں تحصیل امبار میں ایک برساتی نالے سے 2 نامعلوم افراد کی لاشیں ملی ہے جنہیں شناخت کیلئے غلنئی منتقل کر دیا گیا ۔ مہمند ایجنسی سے بیورو رپورٹ کے مطابق ایف سی کے ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کر دیا اور اس دوران 5 دہشتگرد مارے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں نے ہفتہ کی رات بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا اور سکیورٹی فورسز نے اس کا بھرپور جواب دیا۔ اس کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا تاہم آخری اطلاعات تک کسی کو گرفتار نہ کیا گیا۔ مہمند ایجنسی کی انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز نے دائوزئی اور سگلئی علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن