کمشن بنانا چیف جسٹس کی صوابدید، احتساب قانون میں ترمیم پر غور کر رہے ہیں: خواجہ آصف
سیالکوٹ(نامہ نگار)وفاقی وزیر دفاع اور بجلی و پانی خواجہ آصف نے کہا ہے ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیر اعظم نے خود کو احتساب کیلئے پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے چیف جسٹس سپریم کورٹ کو کمشن کیلئے خط لکھ دیا ہے اور اب یہ چیف جسٹس کی صوابدید ہے وہ کب کمشن تشکیل دیتے ہیں۔ مسلم لیگ ہاؤس سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا پہلے بھی اسلام آباد میں 126دن کا ڈسکو ہوا تھا اب بھی ناچ گانا ہوگا۔ حکومت احتساب کو مؤثر بنانے کیلئے احتساب کے قانون میں ترمیم پر غور کر رہی ہے۔ اور اس میں ترمیم کا سوچ رہی ہے۔ 2013کے بعد سے کرپشن میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا بجلی کی لوڈ شیڈنگ چھ گھنٹے ہوگی۔ قبل ازیں انہوں نے مسلم لیگ ن کے رابطہ آفس پیرس روڈ پر ارکان صوبائی اسمبلی منشاء اللہ بٹ، چوہدری اکرام، چوہدری ارشد وڑائچ کے ہمراہ کھلی کچہری لگائی اور لوگوں کی شکایات سنیں اور موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ این این آئی کے مطابق جماعت اسلامی کے کرپشن کے خلاف لاہور میں دھرنے کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا پرویز مشرف نے 17ویں ترمیم کے ذریعے جمہوریت پر سب سے کاری وار کیا اور لاہور میں دھرنا دینے والوں نے 17ویں ترمیم کے موقع پر مشرف کا بھرپور ساتھ دیا تھا۔ جماعت اسلامی کے بانی رہنما مولانا مودودی بہت ہی باکمال شخصیت تھے، دعا ہی کی جاسکتی ہے کہ اللہ ان کے پیروکاروں کو بھی ان جیسا بنائے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق خواجہ آصف نے کہا صرف پانامہ لیکس نہیں بہت سی چیزیں قابل اعتراض ہیں۔ ہماری کوشش ہے کرپشن کے تمام پہلوؤں کو ختم کیا جائے۔