• news

پانامہ لیکس :کمشن بنانے کی بجائے47 سے احتساب کی درخواست دیدی نواز شریف کیا چھپانا چاہتے ہیں :بلاول

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آن لائن) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ نواز شریف جناح کے دور سے اب تک کی تحقیقات کرا کے پتہ نہیں کیا چھپانا چاہتے ہیں؟ نواز شریف نے پانامہ پیپرز پر کمشن بنانے کی بجائے 1947ء سے احتساب کی درخواست کر دی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے چیف جسٹس سپریم کورٹ کے نام خط میں قیام پاکستان سے اب تک کے کرپشن کیسز پر چھان بین کیلئے کہا ہے۔ اوکاڑہ کے کسان دہشت گردی کے مقدمات سمیت کئی کیسوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ پیپلز لائرز فورم فوری طور پر اوکاڑہ کے کسانوں کی مدد کے لئے ہرممکن اقدامات کریں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں کے خدشات دور کرنے کیلئے 3 رکنی کمیٹی بنا دی ہے جس میں مخدوم رفیق الزمان، وزیر داخلہ سہیل انور سیال اور نادر مگسی شامل ہیں۔ کمیٹی ناراض کارکنوں کے مسائل سنے گی اور ان کی ناراضی دور کرے گی۔ قائد حزب اختلاف اور پی پی پی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ جمہوریت پسند قوتیں مارشل لا کی راہ ہرگز ہموار نہ ہونے دیں گی، کرپشن نے ملک کا دیوالیہ کردیا ہے، بدعنوانی کی روک تھام کے لئے قائم ادارے بلا تفریق احتساب کے عمل کو فروغ دے کر بدعنوانی سے پاک پاکستان کی تعمیر کریں، فرانزک آڈٹ کے بغیر کوئی تحقیقاتی کمشن قابل قبول نہیں، جمہوری معاشرے کی بقائ، فروغ اور تسلسل میں کچی آبادیوں اور گوٹھوں کا کردار اہم ہے، سندھ حکومت کی جانب سے کچی آبادیوں کے کٹ آف ڈیٹ قانون کی منظوری ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کے مشن کی تکمیل ہے جس پر سندھ حکومت مبارک باد کی مستحق ہے۔ ان خیالات کا اظہارگزشتہ شب سید خورشید شاہ نے ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔ پی پی پی اپنے قائد بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوامی خدمت کے فلاحی پروگرام پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ سندھ میں کٹ آف ڈیٹ قانون کے بعد 1500کچی آبادیوں اور گوٹھوںکو مالکانہ حقوق ملیں گے۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ نواز شریف شریف پر برا وقت چل رہا ہے، وہ اپنی صفائیاں دینے میں مصروف ہیں، نواز شریف کو صفائیاں پیش کرنے کیلئے جوڈیشل کمشن بنانا پڑ رہا ہے، پیپلز پارٹی کو کسی کو دکھانے کیلئے جلسہ کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ ایک انٹرویو میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر چوہدر ی اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ہم نواز شریف سے کوئی ڈیل نہیںکر یں گے‘ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کیلئے عدالتی پیمانے الگ ہیں، مسلم لیگ ن والوں کا کوئی کچھ نہیں ’’بگاڑ‘‘سکتا‘ پانامہ لیکس کے معاملے پر کمشن میں بھی حکمران معاملے کو دبا دیں گے‘ وزیراعظم نواز شریف قوم کے سامنے سچ بولنے کو تیار نہیں وہ حقائق پر پر دہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن