• news

بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری، لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا

لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ اتوار والے روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی۔ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 41 سو میگاواٹ رہا جس کو پورا کرنے کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ لیسکو صوبائی دارالحکومت میں 6 گھنٹے اور دیہات میں 8 گھنٹے تک بجلی بند کر رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ لوڈشیڈنگ کا دبائو موسم کی شدت کے ساتھ ہی بڑھ گیا ہے۔ لیسکوکے حوالے سے آپریشن ڈائریکٹر اسد اللہ نے بتایا کہ لیسکو کو تقریباً 6 سو میگاواٹ بجلی کی قلت کا سامنا ہے۔ ہماری ڈیمانڈ 27 سو میگاواٹ کے قریب ہے جبکہ ہمیں 2 ہزار میگاواٹ بجلی مل رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جن علاقوں میں بجلی چوری 30 فیصد ہے وہاں 10 گھنٹے تک بجلی بند کی جا رہی ہے جبکہ باقی علاقوں میں شہروں میں 6 گھنٹے اور دیہات میں 8 گھنٹے تک بجلی بند کی جا رہی ہے۔ صارفین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی بندش کے خاتمے کیلئے بڑے منصوبے جلد شروع کئے جائیں۔ ڈونگہ بونگہ سے نامہ نگار کے کے مطابق شہر اور گرد و نواح میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور شدید گرمی نے لوگوں کو پریشان کردیا۔ کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے، ساہیوال / سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافہ کیساتھ ہی باقاعدہ طور پر غیر اعلانیہ بجلی کی بندش کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن