• news

مجلس وحدت المسلمین پنجاب کے انتخابات علامہ اصغر عسکری سیکرٹری جنرل منتخب

لاہور (خصوصی نامہ نگار)مجلس وحدت المسلمین پنجاب کے انتخابات میں علامہ اصغر عسکری بھاری اکثریت سے اگلے تین سالہ مدت کیلئے مجلس پنجاب کے نئے سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے۔ سربراہ مجلس وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے علامہ اصغر عسکری سے انکے عہدے کا حلف لے لیا، پنجاب کے سیکرٹری جنرل کیلئے صوبائی شوریٰ نے تین ناموں کا انتخاب کیا تھا جس میں علامہ مبارک موسوی، علامہ اصغر عسکری اور سید اسد عباس نقوی شامل تھے۔ حلف براداری کے تقریب کے بعد نو منتخب سیکرٹری جنرل پنجاب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ملک کے اندر آج تک لو گوں کو انکے حقوق نہیں ملے، سیاسی مصلحتوں کے سبب دہشت گردی پر قابو پانے میں حکمران جماعت اب تک ناکام ہے، جنوبی پنجاب میں دہشت گردوں کی نرسریاں اب بھی موجود ہیں،ہمیں ملکی سلامتی کیلئے مصلحتوں کے خول سے باہر نکلنا ہوگا، حکمران جماعت حق حکمرانی کھو چکی ہے پانامہ لیکس کے انکشافات کے بعد یہ حکمران اب ابتر ہو چکے ہیں، حکمرانوں کی کوشش ہے کہ اپوزیشن کو تقسیم کیا جائے،ملکی دولت کو لوٹنے والے کسی ایک جماعت کے سامنے نہیں بلکہ پاکستانی عوام کے سامنے جوابدہ ہیں، پنجاب کے حکمرانوں نے ہمارے کارکنوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا اور اب بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔اس موقع پر علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت المسلمین اتحاد امت اور بین مذاہب و مسالک ہم آہنگی کیلئے اپنی جدو جہد جاری رکھے گی،ہم دشمن کے ہر سازش کو باہمی اتحاد و وحدت سے ناکام بنائیں گے۔ پنجاب کے کسانوں اور مزدورں کے حقوق کے لئے ہم انشااللہ ہر اول دستہ ثابت ہونگے۔

ای پیپر-دی نیشن