پاکستان برازیل تجارت کے فروغ کے وسیع امکانات ہیں: سفیر کلاڈیو لینز
اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں برازیل کے سفیر کلاڈیو لینز نے کہا ہے سیاسی بحران کے باوجود اس سال اولمپکس کھیل برازیل میں ضرور منعقد ہوں گے۔ وقت نیوز کے پروگرام ایمبیسی روڈ میں انٹرویودیتے ہوئے برازیل کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور برازیل کے درمیان جغرافیائی فاصلہ زیادہ ہے لیکن دونوں ملکوں میں تجارت کو فروغ دینے کے وسیع امکانات ہیں۔ میں نے پاکستان کے تمام چیمبرز آف کامرس کے دورے کئے ہیں اور انہیں قائل کرنے کی کوشش کی ہے کہ وہ برازیل جائیں اور وہاں کے صنعت کاروں اور تجارت کاروں سے براہ راست رابطے کر کے تجارت کو فروغ دیں۔ میرے خیال میں پاک برازیل مشترکہ چیمبر آف کامرس کا ہونا ضروری ہے۔ پاکستان کی ادویات کو برازیل میں بہت پذیرائی مل سکتی ہے۔ برازیل کے سفیر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ برازیل پاکستان کو توانائی پیدا کرنے کے قابل تجدید ذرائع سے استفادہ کرنے میں بھی مدد دے سکتا ہے۔