• news

کراچی: تشدد، فائرنگ کے واقعات، 2 خواتین سمیت 5 ہلاک 15 زخمی

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں دو خواتین سمیت 5 افراد ہلاک اور کمسن بچی سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیز 5 میں خیابان بدر پر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ایک کار پر اندھا دھند گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں کار میں سوار خاتون چاند بی بی ہلاک اور اس کا دیور عمر فاروق زخمی ہو گیا جبکہ فائرنگ کرنیوالے فرار ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے مقتولہ چاند بی بی کا شوہر میانوالی کا رہنے والا اور فشریز کا ٹھیکیدار ہے۔ گارڈن کے علاقے میں مسلح افراد نے ایزی لوڈ کی دکان کے مالک طاہر کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا جبکہ لیاری کے علاقے رانگی واڑہ میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ اس کے علاوہ سرجانی کے علاقے تیسر ٹائون میں نامعلوم شخص نے گل شباب نامی شخص کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 40 سالہ فریدہ خاتون ہلاک اور اس کی بیٹی 25 سالہ عاصمہ زخمی ہوگئی۔ مزید برآں ڈیفنس میں خیابان جامی پر مسلح افراد کی فائرنگ سے کسٹم اہلکار زخمی ہوگیا۔ زمان ٹائون میں مسلح افراد نے دو افراد 17سالہ نور الدین اور 45 سالہ احمد کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا۔ حیدری کے علاقے سے ایک شخص 50 سالہ کمال کی لاش ملی جسے تشدد کر کے ہلاک کیا گیا تھا جبکہ مومن آباد میں فاطمہ نامی کمسن بچی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوگئی۔کورنگی کے علاقے نورانی بستی میں بگٹی اور بنگش قبائل میں پانی کے مسئلے پر تصادم میں 9 افراد زخمی ہو گئے پریڈی میں پولیس نے سیاسی جماعت کے 2 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر لیا جو قتل بھتہ خوری کے 120 مقدمات میں ملوث ہیں اسی طرح اتحاد ٹائون میں پولیس نے مقابلے کے بعد بھتہ خور وسیم کو گرفتار اور اس سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن