گوادر بندرگاہ قدرتی طورپر محفوظ ترین ہے: ایڈمرل عارف اللہ حسینی
گوادر(صباح نیوز)چیف پاکستان نیوی فلیٹ وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی نے کہا ہے کہ گوادر بندرگاہ کو خطہ کی تمام بندر گاہوں پر کئی لحاظ سے فوقیت حاصل ہے گوادر بندر گاہ قدرتی طورپر محفوظ ترین بندرگاہ بھی ہے، نجی ٹی وی سے انٹرویو میں ایڈمرل عارف اللہ حسینی کا کہنا تھا کہ گوادر کے گلف آف عمان کے دہانے پر ہونے کی وجہ سے یہاں کم خرچ پر چیزوں کی تیاری بہت آسان ہے کیونکہ یہاں توانائی کے ذرائع بھی قریب ہیں، خام مال گوادر درآمد کر کے گوادر سے ہی برآمد کرنا کم خرچ میں ہوسکتا ہے خلیج سے خام تیل درآمد کر کے یہاں کم خرچ پر پراسیس کیا جاسکتا ہے جبکہ گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ اس سال ہر ماہ کسی نہ کسی منصوبے کی بنیاد ڈالی جائے گی۔ اس وقت گوادر تکنیکی طورپر مکمل آپریشنل ہے تاہم گوادر پر زیادہ تر یوریا درآمد کیا جاتا ہے۔ گوادر کافائدہ یہ ہے کہ یہ بندرگاہ آبنائے ہر مز سے باہر اور آزاد ہے خطہ کی دیگر بندرگاہوں کے برعکس گوادر بندرگاہ میں توسیع کی بڑی گنجائش ہے۔