• news

رواں برس حجاج کرام کیلئے ٹریکنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا: امین الحسنات

اسلام آباد+ لاہور (اے پی پی+ آن لائن) وزیر مملکت برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی محمد امین الحسنات نے کہا ہے حکومت رواں برس حجاج کرام کے لئے ٹریکنگ سسٹم متعارف کرا رہی ہے۔ اس سسٹم کو حجاج کرام کی گھڑی، لاکٹ یا انگوٹھی میں نصب کیا جائے گا جس کی مدد سے انکی موجودگی کی درست سمت کو معلوم کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا رواں برس حجاج کرام کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں کھانا بھی مہیا کیا جائے گا اور یہ انکے حج پیکج میں شامل ہو گا۔ حکومت پاکستان کی جانب سے عرفات اور منیٰ میں ائیر کولر کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔ حجاج کرام کو حرم شریف سے5 سو میٹر کے فاصلہ پر رہائش مہیا کی جائے گی۔ دریں اثناء حج درخواستوں کی وصولی کے لئے چھٹی کے روز بھی مخصوص بنکوں کی شاخیں کھلی رہیں۔ سرکاری طور پر حج کرنے کے حوالے سے درخواستیں جع کروانے کی کل بروز منگل آخری تاریخ ہے۔ حج درخواستوں کی وصولی کیلئے سرکاری سکیم کے تحت نامزد کردہ مخصوص بینکوں کی شاخیں بروز ہفتہ‘ اتوار کھلی رہیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن