• news

پاکستان معاشی ترقی کے مراحل تیزی سے طے کر رہا ہے: عالمی جریدہ

واشنگٹن (نیٹ نیوز) معروف بین الاقوامی جریدے بیرنز نے لکھا ہے کہ عدم استحکام کا شکار ملک پاکستان اب معاشی ترقی کے مراحل تیزی سے طے کر رہا ہے۔ پاکستان میں سالانہ چار اعشاریہ پانچ فیصد کی شرح سے معاشی نمو ہو رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی آبادی انیس کروڑ ہے اور ان میں سے نصف آبادی کی عمر پچیس برس سے کم ہے۔ امریکی کمپنی نیٹ سول کے چیف ایگزیکٹو افسر نجیب غوری کے مطابق پاکستان کی کم عمر آبادی تعلیم اور کامیابی کیلئے بے چین ہے۔ ایک کمپنی کے پورٹ فولیو منیجر آلیوربیل نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا راستہ بہت مستحکم ہے۔ پاکستان میں نجکاری کے عمل سے مارکیٹ میں پیسہ آ رہا ہے اور سٹاک مارکیٹ میں خریداری کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ آئیوربیل نے پاکستان کے گلوبل ایکس ایم ایس سی آئی فنڈ کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق ملٹی نیشنل کمپنیاں پاکستان کی معاشی ترقی کا نوٹس لے رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن