• news

ہماری 6 رکنی ٹیم میں 2 یوسی چیئرمین بھی شامل ہیں: ٹارگٹ کلر شکیل

کراچی (کرائم رپورٹر+ ایجنسیاں) ویسٹ زون سے گرفتار سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر شکیل سنی نے اپنے چھ ساتھی ٹارگٹ کلرز کے نام اگل دیئے۔ ٹارگٹ کلر شکیل نے اعتراف کیا کہ ہماری ٹیم میں 2 یو سی چیئرمین بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع غربی سے گرفتار سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر شکیل سنی نے تفتیش کے دوران اہم انکشافات کر دیئے۔ ملزم شکیل عرف سنی کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کی ٹیم 6 ملزمان پر مشتمل ہے۔ ملزمان میں امتیاز مانا، ذیشان، موٹا چاند، حبیب، عثمان اور رضوان شامل ہیں۔ ٹارگٹ کلرز امتیاز عرف مانا اور رضوان گرفتار ہوچکے ہیں۔ ملزم شکیل سنی کے مطابق ٹارگٹ کلر شیخ محمد کلیم کراچی غربی کی یوسی 26 سے چیئرمین ہے۔ ٹارگٹ کلر ساجد بھی یوسی چیئرمین ہے۔ ٹارگٹ کلر مارشل شاہد ایف آئی اے کا ملازم ہے۔ علاوہ ازیں پولیس کی تحویل میں موجود ایک دہشت گرد نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی کے کم از کم 13 علاقوں میں کالعدم تنظیم کا نیٹ ورک موجود ہے۔ کراچی میں کالعدم تنظیم کے نیٹ ورک کی موجودگی کا انکشاف چھٹل مگسی نامی مبینہ دہشت گرد نے تحقیقاتی افسروں کے سامنے دورانِ تفتیش کیا۔ مذکورہ دہشت گرد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مخصوص علاقوں میں کالعدم تنظیم کے نیٹ ورک کے بارے میں معلومات بھی فراہم کی ہے جس کے روشنی میں ٹارگٹڈ آپریشن کیے جانے کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی عدالت کراچی نے جرم ثابت ہونے پر سیاسی جماعت کے ایک کارکن کو 31 سال قید کی سزا سنا دی۔ ملزم علی حیدر کے خلاف اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد رکھنے کے الزام میں محمود آباد پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ ملزم کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے۔ پولیس نے ملزم کو 30 نومبر 2013ء کو گرفتار کیا تھا اور اس کے قبضے سے اسلحہ، دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا تھا۔ آن لائن کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں چائنا کٹنگ سے متعلق کیس کی احتساب عدالت میں سماعت ہوئی۔ ملزموں پرگلستان جوہرمیں چائنا کٹنگ کی مد میں 50 کروڑ سے زائد کرپشن کے الزام ہیں، کے ڈی اے کے سابق ڈائریکٹرز عبدالقوی اور راشد عقیل سمیت دیگر افراد گرفتار ہیں جبکہ چائنا کٹنگ ماسٹر محمد احسن عرف چنوں ماموں سمیت 5 ملزم اشتہاری قرار دیئے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن