حافظ آباد: شارٹ سرکٹ کے باعث 50 ایکڑ گندم کی فصل جل کر خاکستر
حافظ آباد/ لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران) حافظ آباد کے نواحی دیہات میں چار مختلف مقامات پر بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے گندم کی 50 ایکڑ سے زائد فصل جل کر خاکستر ہوگئی جبکہ ایک ہارویسٹر مشین بھی تباہ ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق گندم کو آگ لگنے کا پہلا واقعہ نواحی گائوں روپیکی میں پیش آیا جہاں گندم کی فصل کاٹی جارہی تھی کہ اچانک کھیتوں سے گزرتی بجلی کی تاروں سے چنگاریاں نیچے گریں، جس سے گندم کی فصل کو آگ لگ گئی۔ اسکے نتیجہ میں محمد اسلم، عبد اﷲ، فیض اﷲکی 20 ایکڑ سے زائد فصل جل کر راکھ ہوگئی جبکہ چٹھہ داد میں ثناء اﷲ اور فیاض احمد ڈوگر کی 10 ایکڑ سے زائد فصل آگ لگنے کے نتیجہ میں جل کر خاکستر ہوگئی۔ میاں رحیماں میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کیوجہ سے غلام دستگیر کی 10 ایکڑ سے زائد فصل جل کر خاکستر ہوگئی۔ آگ لگنے کا چوتھا واقعہ نواحی گائوں سروپ والہ میں پیش آیا جہاں بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے محمد عباس کی 5 ایکڑ اور محمد اسلم کی 6 ایکڑ گندم کی تیار فصل جل کر خاکستر ہوگئی۔ ادھر ڈنگہ میں پکی ہوئی لاکھوں روپے فصل گندم کے اوپر سے گزرنے والے بجلی کے ہائی وولٹیج تار ٹوٹ کر گئے اور جس سے گندم میں آگ بھڑک اٹھی۔ علاوہ ازیں میاں محمد اصغر، امتیاز احمد اور صابر حسین کی پکی ہوئی گندم آگ لگنے سے برباد ہو گئی۔ دونوں مقامات پر 13 ایکڑ فصل جل کر راکھ ہوئی۔ ادھر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی گائوں چک نمبر 391/ ج۔ب کینتھاں میں کاشتکار عابد کے کھیتوں میں گندم کی فصل کو اچانک آگ لگ گئی جس کے باعث ایک ایکڑ رقبہ پر کھڑی گندم کی فصل جل کر راکھ ہو گئی۔