عمران رائیونڈ تو ہم بنی گالا جا سکتے ہیں: ایاز صادق
لاہور (خصوصی رپورٹر/ نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے کہا ہے کہ جلد فیصلہ آئے گا جس میں لوگوں کو اورنج ٹرین کا تحفہ ملے گا۔ خواہش ہے کہ اورنج ٹرین منصوبہ مکمل ہو تاکہ لوگوں کو سہولت ملے۔ پاکستان دنیا کی نظر میں اہمیت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ روس جیسا ملک پاکستان کے ساتھ اتحاد کرنا چاہتا ہے۔ پچھلے 3 سال میں پاکستان ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ 2017ء میں کم سے کم ہو جائے گی۔ آنے والے برسوں میں مزید سرمایہ کاری پاکستان آئے گی۔ ہمیں صرف دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں بلکہ معیشت کی جنگ بھی جیتنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ سے اجازت ملنے پر اورنج ٹرین کا کام دوبارہ شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان رائے ونڈ جا سکتے ہیں تو ہم بھی بنی گالا جا سکتے ہیں۔ جو لوگ چاہتے ہیں اقتدار میں آئیں انہیں 2018ء تک انتظار کرنا پڑے گا۔