پشاور میں فائرنگ کرکے ائر فورس کے سابق افسر کو ڈاکٹر بہو سمیت قتل کردیا
پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور کے علاقہ گلبہار میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار افراد نے گاڑی میں سوار ائیر فورس کے سابق افسر کو ڈاکٹر بہو سمیت فائرنگ کرکے قتل کردیا مقتولہ ارنم ہسپتال میں سرجن تھی فائرنگ کے دوران گاڑی میں موجود مقتولہ کا7سالہ بچہ معجزانہ طو رپر بچ گیا پولیس تھانہ سی ٹی ڈی نے قتل اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے دوسری جانب پولیس نے ٹارگٹ کلنگ کے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جاری کردی ہے۔ پیر کی صبح ائیر فورس کے سابق افسر صابر حسین ساکن گلبہار السید سٹریٹ اپنی بہو ڈاکٹر زینب زوجہ ذیشان صابر کے ہمراہ گاڑی میں اپنے 7سالہ پوتے ذوہیب کو سکول چھوڑنے کیلئے جارہے تھے اسی اثناء میں گلبہار نمبر2کے قریب ایک موٹرسائیکل پر سوار تین مسلح نقاب پوش افراد نے گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے اس وقت اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جب گاڑی سکول کی جانب ٹرن لینے کیلئے آہستہ ہوئی گاڑی میں موجود ڈاکٹر زینب اور ان کے سسر صابر حسین شدید زخمی ہوگئے جنہیں مقامی افراد نے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا تاہم وہ پہلے سے راستہ میں ہی دم توڑ چکے تھے فائرنگ کے نتیجہ میں گاڑی میں موجود سات سالہ بچہ ذوہیب معجزانہ طور پر بچ گیا۔ مقتولہ زینب کے شوہر ذیشان نے بتایا ان کے والد ائیر فورس سے ریٹائرمنٹ کے بعد یونیورسٹی روڈ پر ایک نجی کمپنی میں ملازمت کرتے تھے معمول کے مطابق وہ اپنی بہو اور پوتے کے ساتھ گھر سے نکلے تھے تاہم ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی یا عداوت وغیرہ نہیں ہے۔