لاہور: لڑکی سمیت 3 افراد، ساہیوال میں کانسٹیبل نے خودکشی کرلی
لاہور+ ساہیوال (نامہ نگاران) لاہور میں لڑکی سمیت 3 جبکہ ساہیوال میں کانسٹیبل نے زندگی ختم کرلی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور شہر میں مختلف وجوہات پر 16 سالہ لڑکی سمیت 3 افراد نے خودکشی کی۔ بتایا جاتا ہے سول لائن کے علاقہ لارنس روڈ کی رہائشی 16 سالہ فاطمہ کے گھر والے کسی کام کے سلسلے میں باہر گئے ہوئے تھے اور گھر میں فاطمہ اور اسکی بہن موجود تھی۔ اس دوران فاطمہ نے اپنے کمرے میں جا کر نامعلوم وجوہات پر اپنے پیٹ میں گولی مار لی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی، اسے طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی۔ اہل خانہ کے مطابق فاطمہ ذہنی مریضہ تھی، اس نے اس سے قبل بھی خودکشی کی کوشش کی تھی۔ مصطفی آباد کے علاقے درگاہ سٹریٹ میاں میر کالونی کے 26 سالہ شایان نے بیروز گاری اور گھر والوں کے طعنوں سے دلبرداشتہ ہو کر اپنی کنپٹی پر گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا جبکہ نصیر آباد کے علاقہ دھلے فلیٹ میں رہائش پذیر 30 سالہ بشارت نے نامعلوم وجوہات پر اپنے سر میں گولی مار کر خودکشی کرلی۔ پولیس نے تینوں نعشیں قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی۔ علاوہ ازیں ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق 93/9 ایل کا رہائشی کانسٹیبل نوید شوکت ڈوگر سی آئی اے میں تعینات تھا جس نے گھر یلو جھگڑے پر دلبرداشتہ ہوکر سینے میں گولی مار کر خود کشی کرلی۔