برطانیہ پاکستان میں بیماریوں کی نگرانی کا نظام متعارف کرائے گا
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) برطانیہ پاکستان میں بیماریوں کی نگرانی کا نظام متعارف کرائے گا جس سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر پھیلنے والی بیماریوں کے وبائی صورت اختیار کرنے سے قبل نمٹنے کی صلاحیت بڑھائی جائے گی۔ برطانوی ہائی کمشن کی جانب سے پیر کو جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق اس مقصد کیلئے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشن میں ایک نئی ٹیم تعینات کی گئی ہے۔ بیان کے مطابق پبلک ہیلتھ انگلینڈ، حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب کے علاوہ برطانوی امدادی تنظیم ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ پاکستان کی بیماریوں کے پھیلنے سے قبل ان سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے میں مدد کر رہی ہے۔ اسلام آباد اور لاہور میں ٹیم مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر بیماریوں کی نگرانی کا مستحکم نظام قائم کریگی۔ اس سے پاکستان میں بیماریوں کی وبائی صورت اختیار کرنے سے قبل تشخیص، تصدیق اور قومی یا بین الاقوامی خطرات اور ہیلتھ الرٹس پر عمل درآمد میں مدد ملے گی۔ پبلک ہیلتھ انگلینڈ کے سربراہ ڈنکن سیلبی نے اس ہفتے نئی ٹیم کو لانچ کرنے کے لیے اسلام آباد اور لاہور کا دورہ کیا تھا۔ یہ اشتراک کار گزشتہ دنوں ڈنکن سیلبی اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد ممکن ہوا ہے۔ اس منصوبے کیلئے برطانیہ 227 ملین روپے کی امداد بھی دے گا۔