• news

ہم نے سب برداشت کیا، وزیراعظم نے جرم کیا ہے تو استعفیٰ دیں: پرویز اشرف

لاہور (خبرنگار) سابق وزیراعظم پاکستان اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف بتائیں کہ پانامہ لیکس والی جائیدادیں کیسے بنیں، ان کیلئے پیسہ کہاں سے آیا، حکمرانوں پر الزام ہم نے نہیں لگایا، ہمیں عدالتوں کا سامنا کرنے کا کہنے والے اب بھاگتے کیوں ہیں، عدالتوں کا سامنا کریں۔ ہم نے سب برداشت کیا، اب جرم کیا ہے تو وزیراعظم استعفیٰ دیں۔ وہ گزشتہ روز سنٹرل پنجاب کیلئے بنائی گئی تنظیمی کمیٹی کے پہلے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر تنظیمی کمیٹی کے دیگر ممبران رانا فاروق سعید، چودھری منظور احمد، ندیم اصغر کائرہ بھی موجود تھے جبکہ ندیم ندیم افضل چن بیرون ملک ہونے کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جب سے پیپلز پارٹی وجود میں آئی ہے اس کے قائدین کو نشانہ بنایا گیا، الزامات کی بارش کی جاتی رہی، کوشش کی جاتی رہی کہ صرف یہی برے لوگ ہیں۔ ہم نے ہر طرح کی تحقیقات اور تفتیش کا سامنا کیا۔ رینٹل پاور پلانٹس کو نشانہ بنایا گیا۔ آج وہی رینٹل پاور پلانٹ آئی پی پی کی شکل میں قابل قبول ہیں، اب کوئی آواز نہیں اٹھا رہا۔ حکمرانوں کے اصل چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ ابھی تو نندی پور کیس، اورنج ٹرین لیکس، میٹرو بس لیکس، دانش سکول لیکس، سستی روٹی لیکس سامنے آنیوالی ہیں۔ اب تو زمانہ ان سے پوچھے گا کہ یہ گند کہاں سے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سچ سامنے آئے۔ ہم گلی گلی جائیں گے، عوام کو بتائیں گے کہ ہم پر الزام لگانے والوں نے دیکھو خود کیا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے انہیں نئی تنظیم سازی کا ذمہ سونپا ہے، اب ورکرز کی مشاورت سے پارٹی کو ادارہ بنائیں گے۔ جو ورکرز ناراض ہیں انہیں پارٹی میں منا کر واپس لائیں گے۔ چیئرمین کے حکم پر ہر ورکر کے پاس گلی گلی جائیں گے۔ نئی تنظیم اور رکنیت سازی ہو گی، ہم سفارشات کے وقت صرف وہی سفارش کرینگے جو پارٹی کے مفاد میں ہو گی۔ فرانزک آڈٹ کرائے۔ انہوں نے کہا کہ اصل اپوزیشن پی پی پی ہے، اب ساری اپوزیشن کو ساتھ لیکر نکلیں گے۔ اس وقت پورے ملک کی ڈیمانڈ ہے کہ کہ یہ بات سامنے آئے کہ پانامہ لیکس کی حقیقت کیا ہے، کھربوں رپے ملک سے باہر کیسے گئے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری30 اپریل کو کوٹلی (آزاد کشمیر) میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ جس کے بعد آزاد کشمیر اور پنجاب سمیت مختلف مقامات پر 4 مزید جلسے کریں گے۔ یہ بات پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے گزشتہ روز صحافیوں کو بتائی۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے پیپلز پارٹی پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلا رہی ہے جو اعتزاز احسن کی رہائشگاہ پر ہی ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن