جہانگیر ترین نے شہبازشریف کو 10 ارب ہرجانے، پی ٹی آئی نے پرویز رشید کو لیگل نوٹس بھجوا دیا، اشتہارات میں عمران کا موقف ہی نمایاں کیا: وزیر اطلاعات
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی کے رہنما جانگیر ترین نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جہانگیر ترین نے 5 سال میں 13 ارب 58 کروڑ روپے ٹیکس ادا کیا۔ جہانگیر ترین کی کردار کشی کی گئی، معافی مانگی جائے۔ معافی نہ مانگی گئی تو قانون چارہ جوئی کی جائیگی۔ ادھر تحریک انصاف نے وزیر اطلاعات پرویز رشید کو لیگل نوٹس بھیج دیا۔ لیگل نوٹس سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی نعیم الحق نے پرویز رشید کو بھجوایا جس میں کہا گیا ہے کہ وزارت اطلاعات نے آپکی ہدایت پر عوام کے پیسے سے اشتہارات چھپوائے۔ وزیر اطلاعات نے عمران خان کی شہرت کو نقصان پہنچایا۔ آپ نے اختیارات کا استعمال کیا۔ آپ اعتراف کریں اشتہارات کے ذریعے غلط معلومات لوگوں تک پہنچائیں۔ آپ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر غیرمشروط معافی مانگیں۔ دوسری جانب وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ اشتہارات میں عمران کا موقف ہی نمایاں کیا تھا، قانونی لڑائی لڑیں گے۔ عمران خان کو بھاگنے نہیں دیں گے۔