پاکستانی معیشت بہتری کی طرف جا رہی ہے مزید قرض کی ضرورت نہیں : آئی ایم ایف
دبئی(رائٹرز) آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان کا 6.7ارب ڈالر کا پروگرام ختم ہونے کے بعد اسے مزید قرض کی ضرورت نہیں ہو گی۔ ڈائریکٹر آئی ایم ایف برائے مڈل ایسٹ اور سنٹرل ایشیا سعود احمد نے برطانوی خبر ایجنسی کو بتایا کہ پاکستان کی معیشت میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے اور اسلام آباد یہ کہنے میں حق بجانب ہے کہ اسے مزید قرض کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنے زر مبادلہ کے ذخائر کو بہتر بنا لیا ہے اور بجٹ خسارہ نصف تک لے آیا ہے۔ اسکے علاوہ پاکستان کی شرح نمو خطے کے باقی ملکوں کے مقابلے میں کافی بہتر ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی مدد سے پاکستان اپنی معیشت میں کافی بہتری لے آیا ہے اور ستمبر میں اس پروگرام کی تکمیل ہونا ہے اور ابھی1.1ارب ڈالر پاکستان کو ادا کرنا باقی ہیں۔