آئی سی سی نے عرفان سمیع خرم منظور سمیع اسلم بلاول بھٹی حسن کا ڈوپ لے لیا
لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کپ میں شریک مختلف کھلاڑیوں کا ڈوپ ٹیسٹ لیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈنے بھی پاکستان کپ میں کھلاڑیوں کا ڈوپ ٹیسٹ لینے کا عمل شروع کردیا ہے۔پی سی بی اہلکار کا کہناہے کہ آئی سی سی نے بورڈ کو سختی سے احکامات صادر کئے ہیں کہ ممنوعہ ادویات کے استعمال پر کڑی نظر رکھی جائے۔ پاکستان کپ میں شامل محمد عرفان، محمد سمیع، خرم منظور، سمیع اسلم، بلاول بھٹی اور محمد حسن سمیت چھ دیگر کھلاڑی ڈوپ ٹیسٹ کیلئے فہرست میں شامل ہیں۔پی سی بی اہلکارکا کہنا تھا کہ پاکستان کپ کے ہر میچ کے بعد دو کھلاڑیوں کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔واضح رہے پاکستانی لیگ سپنر یاسر شاہ کو آئی سی سی کی جانب سے کئے جانے والے ڈوپ ٹیسٹ میں ناکامی پر رواں سال فروری میں عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔یاسر شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ دسمبر میں انگلینڈ ٹیم کے خلاف مکمل سیریز کے دوران متحدہ عرب امارات میں کیا گیا تھا جہاں قومی ٹیم نے ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔یاسر کی تین ماہ کی پابندی 27 مارچ کو ختم ہوئی تھی۔