شریف آدمی نہ ہونے کی بنیاد پر کسی کو قتل کرنے کا حق کسی کو نہیں: جسٹس آصف سعید
اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے قتل کے جرم میں سزائے موت پانے والے مجرم امجد فاروق کی بریت کی درخواست خارج کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا ہے کہ شریف آدمی نہ ہونے کی بنیاد پر کسی شخص کو قتل کرنے کا حق کسی کو نہیں۔ اگر کوئی شخص کسی جرم میں ملوث ہے تو اس کیخلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے، قتل کرنے کا کسی کو حق نہیں ہے۔ واضح رہے کہ امجد فاروق نے 2003ء میں ساہیوال میں ریاض نامی شخص کو قتل کیا تھا جس پر سیشن عدالت کی جانب سے اسے پھانسی کی سزا سنائی گئی تاہم 2010ء میں ہائی کورٹ نے امجد فاروق کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا، جس پرامجد فاروق نے ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف 2010ء میں ہی مقدمہ سے بریت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی تھی۔ یاد رہے کہ ملزم مقدمہ کی عدم پیروی کی بنیاد پر ضمانت پر رہا ہے تاہم سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ملزم کی ضمانت بھی خارج ہوگئی ہے۔