کرپشن کیخلاف مارچ میرپور خاص پہنچ گیا، سندھ کے عوام کو جگانے آیا ہوں: شاہ محمود
میرپور خاص + سانگھڑ (صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) کرپشن کیخلاف پاکستان تحریک انصاف کا مارچ میرپور خاص پہنچ گیا۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے 80 فیصد غریب لوگ خزانے میں ٹیکس جمع کراتے ہیں جسے بے دردی سے لوٹ لیا جاتا ہے۔ سندھ میں عوام کو کرپشن کیخلاف جگانے آیا ہوں۔ غریبوں کے ساتھ کئی دہائیوں سے ناانصافیاں کی جارہی ہیں ۔پی ٹی آئی کے5روزہ کرپشن مٹائو ملک بچائو مارچ کے دوسرے روز کاپہلا پڑائو پوسٹ آفس میرپورخاص میں ڈالا گیا جہاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لوگوں کو ذہنی غلامی میں جکڑ لیا گیا ہے۔ اللہ نے موقع دیا تو پاکستانی عوام کو غلامی کے طوق سے آزاد کرا دیں گے۔ کارکنوں نے تمام رکاوٹیں توڑ کر جلسے میں شرکت کرکے ثابت کردیا کہ سندھ کے عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وڈیرہ کبھی سندھ کے عوام کو جاگنے نہیں دیگا، جبکہ عوام کا پیسہ چند تجوریوں میں جمع کیا جارہا ہے۔ عارف علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا ہر شخص ایک لاکھ روپے سے زائد کا مقروض ہے۔ اب اپنا حق خود لینا ہوگا۔ حکمرانوں سے لوٹا ہوا پیسہ واپس لانا ہوگا،۔ جلسے سے شاہ محمود قریشی، عارف علوی اور حلیم عادل شیخ سمیت مختلف رہنماؤں نے خطاب کیا۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ساٹھ سال سے ملک کی حالت انتہائی نازک ہے۔ ملک آزاد تو ہوا کیا پاکستانی قوم غربت سے آزاد ہوئی۔ سندھ میں ایک طبقہ لوٹ مار میں مصروف ہے آج بھی ہم پر ظلم ہوتا ہے ہم خاموش رہتے ہیں۔ سندھ میں حق داروں کو نوکریاں نہیں ملتیں سندھ میں نوکریاں فروخت ہوتی ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہاکہ تحریک انصاف وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے دیئے گئے چیلنج کو قبول کرتی ہے جس میں انہوں نے عمران خان اور اپنے 20 سال کے اثاثے ظاہر کر کے اسکا فارنزک آڈٹ کرانے کا چیلنج کیا تھا۔ شاہ محمود نے کہا کہ اسحاق ڈار کے چیلنج کو کھلے دل سے قبول کرتے ہیں اور جب وہ چاہیں اثاثوں کا آڈٹ کرالیں۔