• news

وزرا کے وزارت خزانہ کیخلاف شکایات کے انبار: ڈار صاحب یہ کیا ہو رہا ہے؟: وزیراعظم

اسلام آباد (نیٹ نیوز+ نمائندہ خصوصی) وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزراء نے شکایات کے انبار لگا دئیے۔ وزارت خزانہ کو فنڈز جاری نہ کرنے پر خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزراء نے وزیراعظم کو شکایتیں لگاتے ہوئے بتایا کہ وزارت خزانہ فنڈز کا اجرا ذاتی پسند ناپسند کی بنیاد پر کر رہی ہے‘ جس سے بہت مشکل پیش آ رہی ہے۔ وزراء نے وزیراعظم کو بتایا کہ اس سال ترقیاتی بجٹ 700 ارب روپے ہے جس میں سے صرف 416 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں‘ صرف وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور چند ایک وزارتوں کو 100فیصد فنڈز جاری ہوئے ہیں۔ وزراء کی شکایات پر وزیراعظم نے اسحاق ڈار سے پوچھا کہ ڈار صاحب یہ کیا ہو رہا ہے؟ وزراء کو فنڈز جاری کیوں نہیں ہو رہے؟۔ وزیراعظم نے کہا حکومت عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے ترقیاتی ایجنڈے پر سرگرمی سے عمل پیرا ہے۔ انہوں نے یہ بات ارکان قومی اسمبلی محسن شاہ نواز رانجھا‘ ندیم عباس ربیرہ اور ملک ابرار احمد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ارکان قومی اسمبلی کو عوام سے اپنے وعدوں کی تکمیل میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھنی چاہئے جنہوں نے انہیں منتخب کرکے اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے ارکان پارلیمان کو ان کے حلقوں میں تمام جاری اور آئندہ کے ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی سکیموں کی تکمیل میں مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ ارکان پارلیمنٹ نے کہاکہ ملک کی سلامتی کی صورتحال اور معیشت میں بہت زیادہ بہتری آئی ہے اور عوام امن و ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن