• news

اسلام آباد: لال مسجد کا نائب خطیب 3 کلاشنکوفیں برآمد ہونے پر گرفتار لائسنس جمع کرانے پر رہا کردیا گیا

اسلام آباد (این این آئی) لال مسجد کے نائب خطیب اسلحہ رکھنے پر گرفتاری کے بعدلائسنس جمع کرائے جانے پر رہاکردیئے گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں میں ایک مشترکہ آپریشن کے دوران لال مسجد کے ایک نائب خطیب اور 54 دیگر افراد کو گرفتار کرلیا تاہم بعدازاں خطیب کو شخصی ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق لال مسجد کے نائب خطیب عامر صدیقی کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب بارہ کہو پولیس سٹیشن کے قریب ایک مدرسے کی تلاشی کے دوران ان کے پاس سے 3 کلاشنکوفیں برآمد ہوئیں، جب عامر صدیقی اسلحے کے لائسنس دکھانے میں ناکام رہے تو انہیں پولیس سٹیشن منتقل کیا گیا، جہاں تھوڑی دیر بعد کچھ مقامی افراد اسلحہ کا لائسنس لیکر پیش ہوئے جس کے بعد مذکورہ خطیب کو رہا کردیا گیا، جب لال مسجد شہداء فاونڈیشن کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے گرفتاری کی تصدیق کی اور بتایا کہ صدیقی صاحب کی گرفتاری کی وجہ ان کی ملکیت سے 3 کلاشنکوفوں کا برآمد ہونا تھا، پورے آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا جن میں 19 بارہ بور کی بندوق، 108 بندوق کے رائونڈ، 1512 رائونڈز کے ساتھ 5 ایس ایم جی، 3 نائن ایم ایم پستول 50 رائونڈ کے ساتھ، ایک 44 بور کی بندوق 312 رائونڈ کے ساتھ، ایک 22 بور کی رائفل اور اسکے 300 رائونڈ، 2 سیون ایم ایم پستول اور اس کے 19 رائونڈ، 18 تیس بور کی پستول اور 200 رائونڈز، ایک 32 بور ریوالور اور 18 رائونڈز، ایک 45 بور پستول اور 10 خنجر شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن