قانون بنا کر ہی عوام میں احتساب کے متعلق اعتماد پیدا کیا جا سکتا ہے: رضا ربانی
گجرات + لالہ موسیٰ (نامہ نگاران) چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے لالہ موسیٰ میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ قانون بنا کر ہی عوام میں احتساب کے بارے میں اتحاد پیدا کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر قمر الزمان کائرہ، ندیم اصغر کائرہ، ملک شفیق امجد اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ احتساب کے لئے ایک ادارہ ہونا چاہئے جس میں سب کا احتساب ہو اس کے لئے پارلیمنٹ کو ایک قانون لانا چاہئے۔ قانون بنا کر ہی عوام میں احتساب کے بارے میں اعتماد پیدا ہو گا۔ علاوہ ازیں گجرات یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب میں میرین سینٹ نے کہا کہ پانامہ لیکس کے بعد احتساب سب کا ہونا چاہئے۔ بحیثیت چیئرمین سینٹ پانامہ لیکس کے حوالے سے مزید کھل کر بات نہیں کر سکتا۔ ہو سکتا ہے کہ یہ معاملہ کل کو سینٹ میں ہی آ جائے۔ عوام کے حقوق کے تحفظ کے بغیر ریاست کا استحکام ممکن نہیں۔ پاکستان میں جمہوریت کی بقا و استحکام کے لیے صوبائی خود مختاری کا ادراک ایک لازم امر ہے۔ پاکستان بننے کے فوراً بعد ہی اختیارات مرکزیت میں سمٹنا شروع ہو گئے اور صوبوں کی محرومیاں بڑھنے لگیں۔