ملکی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن‘ حکومتی بدانتظامی ہے: عوامی سروے
کراچی (غزالہ فصیح) 80 فیصد شہریوں کے مطابق پاکستان میں سماجی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن اور حکومتی بدانتظامی ہے۔ سوشل پالیسی اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر کی تیرہویں سالانہ سروے رپورٹ بعنوان ’’پاکستان کے شہری علاقوں میں سماجی ترقی کی صورتحال‘‘ پیش کردی گئی ، سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین ا ور سابق وزیر اطلاعات وسینیٹر جاوید جبار نے رپورٹ کا تجزیہ کیا۔SPDC کے رکن محمد آصف اقبال نے رپورٹ کے چیدہ نکات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ اور بلوچستان کے 70 فیصد سے زائد افراد نے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں میں کوئی ترقی نہیں ہوئی بلکہ سرکاری انتظام خراب ہوا ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے 52 فیصد افراد نے کہا کہ معمولی ترقی ہوئی۔ ملک بھر میں 57 افراد کو سرکاری پانی حاصل ہے راولپنڈی میں 76فیصد‘ لاہور میں 61 فیصدسکھر میں 75 فیصد اور کراچی میں 65 فیصد کو پانی خریدنا پڑتا ہے۔ شہری علاقوں میں 63 فیصد گھرانے سیوریج سسٹم سے محروم ہیں کراچی میں 72 فیصد شہریوں نے ناقص سیوریج کی شکایت کی‘ ملک میں 49 فیصد افراد سرکاری اسپتال نہیں جاتے۔