سرچ آپریشن: لاہور 14، اسلام آباد 18، پشاور میں 225 مشتبہ افراد گرفتار
اسلام آباد + پشاور (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) سرچ آپریشن کا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا۔ لاہور میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران 14 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ سرچ آپریشن اقبال ٹائون اور سبزی منڈی کے علاقوں میں ہوا۔ اسلام آباد میں 18، پشاور میں 50 افغان مہاجرین سمیت 225 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا اور ان سے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی پولیس اور حساس اداروں نے تھانہ آئی نائن کی حدود میں فیض آباد اور اس کے گردونواح میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا جس میں 18 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا گیا۔ ملزموں سے اسلحہ و منشیات بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ آپریشن میں لیڈی پولیس نے بھی حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران 10 ہوٹلوں کی تلاشی لی گئی جبکہ 100 سے زائد افراد کو بھی شک کی بنا پر چیک کیا گیا۔ دریں اثناء پشاور پولیس نے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران 50 افغان مہاجرین اور سنگین مقدمات میں مطلوب 12 اشتہاری ملزموں سمیت 225 مشتبہ افراد و منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا جبکہ تحفظ مکانات آرڈیننس اور سکیورٹی کے ناقص انتظامات پر دو سو افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں میں 12 اشتہاری ملزم اور 173 جرائم پیشہ افراد بھی شامل ہیں جن کے قبضے اسلحہ او منشیات بھی برآمد کر لی گئیں۔ علاوہ ازیں پشاور شہر میں سکیورٹی خدشات کے باعث دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ حکم میں افغان پناہ گزین کو کیمپوں سے باہر نکلنے سے منع کر دیا گیا۔ پابندی کا اطلاق ایک ماہ کیلئے کیا گیا ہے۔ ادھر رشید آباد میں پلاٹ میں چھپایا گیا بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ایس ایس پی لسبیلہ کے مطابق کارروائی گرفتار ملازم کی نشاندہی پر کی گئی۔