اشتہاری مہم، عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی وزیراعظم کیخلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں پانامہ لیکس میں شریف فیملی کے نام کی وضاحت کیلئے سرکاری سطح پر چلائی جانے والی اشتہاری مہم کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست عوامی تحریک کی جانب سے ایڈووکیٹ اشتیاق چودھری اور تحریک انصاف کے جاوید بدر نے دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پانامہ لیکس کے انکشافات پر کروڑوں روپے کے حکومتی اشتہارات دئیے جا رہے ہیں اور اشتہارات میں پانامہ لیکس پر شریف برادران کی صفائیاں اور وضاحتیں پیش کی جا رہی ہیں۔ کروڑوں روپے کے اشتہار کی رقم وزیراعظم کی جیب کی بجائے قومی خزانہ سے ادا کی جا رہی ہے۔ درخواست میں ذاتی وضاحت کے لئے اشتہارات کی رقم کی ادائیگی قومی خزانے سے ادا کا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز نہیں ہے۔ استدعا کی گئی ہے وزیراعظم کو اشتہارات کا خرچہ قومی خزانے میں جمع کرانے کا حکم دیا جائے۔