وزیراعظم پانامہ لیکس کے حوالے سے پارلیمنٹ میں آکر وضاحت کریں: اعتزاز
لاہور(وقائع نگار خصوصی+ صباح نیوز+ آن لائن) سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے پانامہ لیکس کے معاملہ پر تحقیقاتی کمیشن کے حوالے سے ٹرمزآف ریفرنس کے لئے خصوصی قانون بننا چاہئے۔ کمیشن آف انکوائری ایکٹ1956ء کے تحت تشکیل دیا گیا کمیشن وہ نتائج نہیں دے سکتا۔ مذکورہ ایکٹ کے تحت ہزاروں انکوائریاں ہوئیں مگر کسی کا بھی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ وزیراعظم پارلیمنٹ کے اجلاس میں آکر پانامہ لیکس کے حوالے سے سب باتیں بتا دیں۔ لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے اعتزاز احسن نے کہا لاکھوں کروڑوں ڈالر بوریوں اور ڈبوں میں بند ہوکر بیرون ملک نہیں گئے۔ بہتر ہے وزیراعظم پارلیمنٹ میں آئیں اور پانامہ لیکس کے معاملے سے متعلق ساری باتیں بتا دیں۔ اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے ٹرمز آف ریفرنس بننا چاہئے ورنہ اس سے قبل ہزاروں انکوائریاں ہوئیں جو کھوہ کھاتے چلی گئیں۔میاں برادران نے 1994ء اور 1996ء میں صفر روپے ٹیکس ادا کیا‘ ٹرمزآف ریفرنس کو قانونی تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ اصل حقیقت تک پہنچا جا سکے۔ صباح نیوز‘ آن لائن کے مطابق اعتزاز احسن نے کہا ہے پانامہ لیکس کے معاملے پر وزیراعظم نوازشریف پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کی بجائے جلسے کر رہے ہیں۔ وہ بھاگ نہیں سکتے، بہتر ہوگا پارلیمنٹ میں آکر وضاحت کریں۔ انکم ٹیکس صفر ہونے کے باوجود اتنی جائیدادیں بن جانا سمجھ سے بالاتر ہے۔